چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت پراونشل ڈینگی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس،کباڑ خانوں ، گوداموں، ٹائر شاپس اور پبلک پارکس میں ویکٹرسرویلنس کی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکمہ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی،ڈینگی کے بارے عوامی آگاہی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے

منگل 26 مارچ 2013 21:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26مارچ۔2013ء) چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے تمام متعلقہ محکمے ڈینگی ایکشن پلان 2013کے مطابق اپنی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری رکھیں اوراس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں مستعدی کے ساتھ پوری کریں تاکہ موسم کی تبدیلی کی وجہ سے یہ موذی مرض سر نہ اٹھا سکے-انہوں نے یہ ہدایت منگل کے روز اپنے دفتر میں پراونشل رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی- اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل کے علاوہ سیکرٹری ہیلتھ عارف ندیم، سیکرٹری اطلاعات و ثقافت عبداللہ سنبل کے علاوہ لوکل گورنمنٹ ، لیبر، زراعت ، سکول ، ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، ماحولیات کے محکموں کے سیکرٹریوں ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر وسیم اکرم اور ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل نے شرکت کی- اجلاس میں سیکرٹری صحت نے بتایا کہ رواں سال اب تک پورے صوبے میں ڈینگی کا کوئی کنفرم مریض رپورٹ نہیں ہوا تاہم ڈینگی کے 51مشتبہ مریض ہسپتالوں میں لائے گئے تھے جن کی رپورٹس کلئیر آئی ہیں - انہوں نے بتایا کہ اس وقت ڈینگی کا کوئی مریض کسی ہسپتال میں زیر علاج نہیں ہے- عارف ندیم نے بتایا کہ ان ڈوراور آؤٹ ڈور ویکٹر سرویلنس جاری ہے- انہوں نے بتایا کہ بعض ٹاؤنز سے ڈینگی لاروا کی نشاندہی ہوئی تھی جہاں ضلعی حکومت ٹارگٹ انڈور سپرے کر رہی ہے اور ٹیکنیکل طریقہ سے لاروا تلف کر دیا گیا ہے - سیکرٹری صحت نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کا تشخیص و علاج کے انتظامات مکمل ہیں- وائس چانسلر کنگ ایڈور ڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود نے مختلف سرکاری میڈیکل کالجوں میں ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکس کی تربیت کے حوالے سے اجلاس کو آگا ہ کیا- سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ محکمہ کے افسران فیلڈ کے دورے کر رہے ہیں - صفائی کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے - استعمال شدہ ٹائرز، گوداموں اور قبرستانوں میں ڈینگی مانیٹرنگ کا کام کیا جارہا ہے- سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ پورے صوبے کے سکولوں میں یکم اپریل سے ہفتہ صفائی منایا جائے گا- چیف سیکرٹری نے بچوں کی یونیفارم کے حوالے سے ہدایت کی کہ تمام سکول ڈینگی سیزن آنے پر بچوں کو پورے بازوؤں کی قمیض اور پتلون پہنائیں تاکہ بچے مچھروں کے کاٹنے سے محفوظ رہ سکیں- انہوں نے سکولوں میں ڈینگی مرض سے آگاہی کے لیے زیرو پیریڈ ہفتہ میں دو دن لازمی کرنے کی ہدایت کی- سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بتایا کہ کالجوں میں ڈینگی لاروا کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس کیلئے طلبا و طالبات بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں - جنہیں ماہرین نے تربیت دی ہے- انہوں نے بتایا کہ اب تک آگاہی کیلئے 441سیمینارز مختلف کالجوں میں منعقد کرائے گئے ہیں اور کالجوں میں آگاہی کیلئے ڈینگی سٹالز بھی لگائے جارہے ہیں- مزید برآں زیرو پیریڈ باقاعدگی سے منعقد کیے جارہے ہیں- سیکرٹری لیبرڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ سوشل سیکورٹی کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے پوری طرح تیارہیں اور تمام انتظامات مکمل ہیں- انہوں نے مزید کہا کہ فیکٹریوں اور کارخانوں کے مزدوروں کو ڈینگی سے آگاہی کیلئے سیمینارزکا انعقاد اور پمفلٹس اور سی ڈیز بھی تقسیم کی گئی ہیں-سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ صرف لاہور میں 500مقامات چیک کئے گئے اور ڈینگی و یکٹر مانیٹرینگ کا عمل جاری ہے- سیکرٹری اطلاعات و ثقافت عبداللہ خان سمبل نے بتایا کہ عوامی آگاہی کیلئے محکمہ اطلاعات اخبارات و الیکٹرانک میڈیا کے زریعے بھر پور مہم چلارہا ہے علاوہ ازیں لاہور آرٹس کونسل پنجاب ، آرٹس کونسل ، ایف ایم 95پنجا ب رنگ کے ذریعے وزیٹرز اور سامعین کو خصوصی پروگراموں کے ذریعے ڈینگی کے بارے آگاہی فراہم کر رہے ہیں- ڈی سی او لاہور نے بتایا کہ ڈینگی سرویلنس بھرپورطریقہ سے جاری ہے اور لاہور میں واقع وفاقی حکومت کے محکموں اور اداروں کو بھی تحریری طور پر اس سلسلہ میں ضروری اقداما ت کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :