ویژن ایسٹ ایشیا پالیسی کے تحت پاکستان کوریا کو بڑی اہمیت دیتا ہے گزشتہ تین دہائیوں سے قائم پاکستان کوریا تعلقات بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں تاہم اقتصادی میدان میں تجارتی روابط کو فروغ کی مزید گنجائش موجود ہے بالخصوص انرجی ، سائنس و ٹیکنالوجی میں کوکوریا سرمایہ کاری کرسکتا ہے ،پاکستانی طلباء کی بڑی تعداد کوریا کی درسگاہوں میں تعلیم حاصل کر رہی ہے کوریا کی حکومت پاکستانی طلباء کے سکالر شپ کی تعداد میں اضافے کے لئے غور کرے، سینٹ کے چیئرمین نیئر بخاری کی پاکستان میں کوریا کے سفیر مسٹر چونگ جوچوئی سے ملاقات میں بات چیت

بدھ 27 مارچ 2013 20:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27مارچ۔2013ء) سینٹ کے چیئرمین نیئر بخاری نے کہاہے کہ ویژن ایسٹ ایشیا پالیسی کے تحت پاکستان کوریا کو بڑی اہمیت دیتا ہے گزشتہ تین دہائیوں سے قائم پاکستان کوریا تعلقات بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں تاہم اقتصادی میدان میں تجارتی روابط کو فروغ کی مزید گنجائش موجود ہے بالخصوص انرجی ، سائنس و ٹیکنالوجی میں کوکوریا سرمایہ کاری کرسکتا ہے ،پاکستانی طلباء کی بڑی تعداد کوریا کی درسگاہوں میں تعلیم حاصل کر رہی ہے کوریا کی حکومت پاکستانی طلباء کے سکالر شپ کی تعداد میں اضافے کے لئے غور کرے۔

وہ بدھ کو پاکستان میں کوریا کے سفیر مسٹر چونگ جوچوئی سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ کوریا کے سفیر نے انہیں نیشنل اسمبلی کوریا کے سپیکر کانگ چنگ ہی کی طرف سے پارلیمانی وفد کے ہمراہ کوریا کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی۔

(جاری ہے)

پاکستان کوریا کے سفارتی تعلقات کے 30 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں یہ دعوت دی گئی ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دورس نتائج برآمد ہونگے ، عوام کا عوام سے رابطہ دونوں ملکوں کو قریب لائے گا ، ان کی خواہش ہے کہ کوریا کے صدر اور وزیراعظم بھی پاکستان کا دورہ کریں ، انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ہنر مند لیبر کوریا میں کام کررہی ہیں مزید پاکستانی ہنرمند لیبر کوریا بھجوائی جاسکتی ہے ، چیئرمین سینٹ نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ملکوں سے اچھے تعلقات کوخواہاں ہے مسئلہ کشمیر اور پانی کے ایشوز پر پاکستان بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے پاکستان سمجھتا ہے کہ مستحکم افغانستان پاکستان کے استحکام کیلئے ضروری ہے ، دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان فرنٹ لائن پر قربانیاں دے رہا ہے ، کوریا کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت ہے اور خطے میں اس کا اہم کردار ہے ، کوریا پاکستان سے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :