کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، غیر جانبدار اور بلا تفریق احتساب سے ہی کرپشن کو جڑ سے اکھاڑا جاسکتا ہے، ملک میں اب تک بننے والے احتساب کے ادارے قوم کی توقعات پر پورا نہیں اترے، قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جاتا تو کسی کو خزانے کو لوٹنے کی جرات نہ ہوتی، نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے بلا خوف و خطر اپنا کردار ادا کرے،نگران وزیراعظم جسٹس (ر) میرہزار خان کھوسو کی چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری سے ملاقات میں بات چیت

جمعہ 29 مارچ 2013 22:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29مارچ۔2013ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) میرہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے، غیر جانبدار اور بلا تفریق احتساب سے ہی کرپشن کو جڑ سے اکھاڑا جاسکتا ہے، ملک میں اب تک بننے والے احتساب کے ادارے قوم کی توقعات پر پورا نہیں اترے، قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جاتا تو کسی کو خزانے کو لوٹنے کی جرات نہ ہوتی، نیب کرپشن کے خاتمے کیلئے بلا خوف و خطر اپنا کردار ادا کرے ۔

وہ جمعہ کو چیئرمین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری سے ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ چیئرمین نیب نے انہیں اپنے ادارہ کی کارکردگی اور سابقہ دور کی بعض اہم شخصیات کے خلاف کرپشن کے ہائی پروفائل کیسوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے چیئرمین نیب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں احتساب کیلئے بننے والے اداروں نے اپنے فرائض اس طرح سے انجام نہیں دیئے جیسی قوم ان سے توقع کررہی تھی یہی وجہ ہے کہ احتساب کے اداروں کے ہونے کے باوجود کرپشن کم نہیں زیادہ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کے ادارے ملکی دولت کو لوٹنے والوں پر ہاتھ ڈالنے میں ناکام رہے جبکہ ماضی میں ان اداوں کو سیاسی مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا جاتا رہا، وزیراعظم نے چیئرمین نیب کو ہدایت کی کہ کرپشن میں ملوث کسی بھی سرکاری و سیاسی شخصیت سے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہئے بلا امتیاز غیر جانبدار احتساب کو یقینی بنایا جائے اور نیب عدالتوں میں کرپشن کے زیر التواء مقدمات کو بھی جلد نمٹانے کیلئے اپنی متعلقہ شعبوں کی کارکردگی بہتر بنائے۔ چیئرمین نیب نے نگران وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ان کی ہدایات پر پوری طرح سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :