پاکستان میں پھیپھڑوں میں سٹنٹ ڈالنے کی نئی سرجری کا آغاز( کل) ہوگا،امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر ایک کروڑ روپے مالیت کے سٹنٹ لے کر پاکستان پہنچ گئے،سکریٹری تعلیم وتربیت قمر زمان چوہدری نے سٹنٹ کا عطیہ ملٹری ہسپتال انتظامیہ کے حوالے کیا،دو روز تک مستحق مریضوں کے آپریشن ہوں گے ،50 پاکستانی سرجز کو تربیت دی جائے گی ، قمر زمان چوہدری

جمعہ 29 مارچ 2013 22:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29مارچ۔2013ء) وفاقی وزارت تعلیم و تربیت کے بیرون ملک اعلی تربیت یافتہ پاکستانیوں کے صدارتی پروگرام کے تحت ”نیشنل ٹیلنٹ پول“ کے توسط سے امریکہ میں طبی خدمات سرانجام دینے والے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی معالج ڈاکٹر علی موسانی پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کے لئے ایک کروڑ روپے مالیت کے ”سٹنٹ“ لے کر پاکستان پہنچ گئے ۔

جمعہ کو یہ سٹنٹ ایک تقریب کے دوران وفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم و تربیت قمر زمان چوہدری نے ڈائریکٹر جنرل نیشنل ٹیلنٹ پول پروگرام ڈاکٹر فیاض احمد رانجھااور وزارت کے دیگر افسران کے ہمراہ ملٹری ہسپتال راولپنڈی کے بریگیڈئر محمد اسلم کے حوالے کئے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دینے والے پاکستانیوں کا جذبہ قابل تحسین ہے جن کی فراخدلانہ امداد سے پاکستان میں مستحق افراد مستفید ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگلے دو دنوں میں 18مستحق مریضوں میں یہ ”سٹنٹ “ڈالے جائیں گے جن سے وہ پھیپھڑوں کے امراض کی وجہ سے لاحق تکالیف سے آفاقہ پاسکیں گے۔ انہوں نے ڈاکٹر علی موسانی کی طرف سے موصول شدہ عطیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر خصوصی ورکشاپ منعقد ہوگی اور50پاکستانی ڈاکٹروں کو بھی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ یہ ٹیکنالوجی متعارف کرائی جارہی ہے جس سے اس علاج کو عام کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں نے روابط اور عطیات کی وصولی کیلئے گرانقدر خدمات پر ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا اور ان کی ٹیم کی اعلی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے صدارتی پروگرام ایک فعال پروگرام کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت جلد مستحق مریضوں کو سٹنٹ ڈالے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :