اسلام دین فطرت اور مکمل ضابطہ حیات ہے ‘اسلام کی آفاقی تعلیمات ابدی اور داہمی ہیں‘ قرآن آسمانی ہدایت کا آخری سرچشمہ اور بنی نوع انسان کی رہنمائی کیلئے آخری الہامی کتاب ہے ‘قرآن ایسا مینارہ نور ہے جو قیامت تک زندگی کے ہر گوشے کو منور کر تا رہے گا، مفتی وزیراعظم سیکرٹریٹ علامہ وسیم رضا اور سنی علماء و مشائخ کونسل میرپور کے صدر حافظ اسلم نقشبندی کا محفل حسن قرآت کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 30 مارچ 2013 14:05

میرپور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 30مارچ 2013ء ) مفتی وزیراعظم سیکرٹریٹ علامہ محمد وسیم رضا اور سُنی علماء و مشائخ کونسل ضلع میرپور کے صدر علامہ حافظ محمد اسلم خان نقشبندی نے کہا ہے کہ اسلام دین فطرت اور مکمل ضابطہ حیات ہے اس کی آفاقی تعلیمات ابدی اور داہمی ہیں‘ قرآن آسمانی ہدایت کا آخری سرچشمہ اور بنی نوع انسان کی رہنمائی کیلئے آخری الہامی کتاب ہے یہ ایسا مینارہ نور ہے جو قیامت تک زندگی کے ہر گوشے کو منور کر تا رہے گا۔

وہ گزشتہ روز یہاں دربار عالیہ کھڑی شریف کی جامع مسجد میں محفل حسن قرات میں خطاب کررہے تھے۔ تقریب کا اہتمام تحریک فروغ اسلام کے امیر ممتاز عالم دین علامہ زبیر احمد نقشبندی، چودھری فاروق منیر ایڈووکیٹ اور صداقت عبداللہ نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دربار عالیہ کیاں شریف مظفرآباد کے سجادہ نشین، سابق ممبر ضلع کونسل چودھری محمد عبداللہ، چیئرمین میاں محمد بخش سوسائٹی آزاد کشمیر بابو محمد صدیق چودھری، میاں محمد افضل، حاجی عبدالمجید صدر میلاد کمیٹی پنڈی سبھروال، علامہ ناصر صدیقی، چیئرمین چودھری محمد اشرف، چودھری شیرباز ایڈووکیٹ، حاجی ارشد سیٹھی، چودھری کرامت علی، الحاج بشیر احمد قاسمی، شاہد حسین سلہریا، مولانا فاروق مجددی، حاجی عبدالرشید مغل، علامہ مختار احمد صدیقی کے علاوہ ممتاز علماء کرام، قراء حضرات، حفاظ کرام ، علاقہ کھڑی شریف، منگلا، میرپور اور دیگر علاقوں کے معززین و عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

جن حفاظ کرام نے حسن قرات کی محفل میں مترنم خوبصورت آوازوں میں تلاوت کی سعادت حاصل کی ان میں پاکستان کے ممتاز قراء حضرات سید مزمل حسین شاہ ہاشمی، قاری اسماعیل صدیقی، قاری عدیل سلطانی، قاری کاشف علی، قاری جمیل احمد نعیمی، قاری ارشد محمود اور قاری مروت حسین نقشبندی شامل ہیں۔ جبکہ قاری اکرام، قاری ذوالنورین اور سائیں اکبر نے نعت رسول مقبول کے علاوہ عارفانہ کلام سیف الملوک پیش کیا۔

محفل میں نظامت کے فرائض کالم نویس کے۔ڈی چودھری صدر میاں محمد بخش سوسائٹی آزاد کشمیر نے سرانجام دئیے۔ مفتی وسیم اور علامہ اسلم خان نقشبندی نے اپنی تقاریر میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو دنیوی علوم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم قرآن و حدیث سے بھی بہرہ مند کریں۔ آج دنیا بھر میں اسلام دشمن عناصر یہودی، عیسائی اور کافر مذہب اسلام اور قرآن عظیم کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں ایسے حالات میں ہمیں قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔

انہوں نے تبلیغ اسلام و اشاعت دین کیلئے علامہ زبیر احمد نقشبندی کی شبانہ روز کاوشوں اور تحریر و تقریر کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا۔ کے۔ ڈی چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ اسلام میں سب سے پہلا سکول غارحرا کی خلوتوں میں قائم ہوا۔ اس سکول کے واحد طالب علم سیّد الانبیاء حضرت محمد مصطفےٰ اور استاد خود خالق کائنات ٹھہرئے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حضور کے قلب اطہر پہ نازل ہوا زبان مقدس سے جاری ہوا اور حضور کی حیات مقدسہ قرآن کی عملی تفسیر ہے۔

قرآن نے ماضی کی خبروں کے علاوہ مستقبل کی ٹھیک ٹھیک خبریں دیں اور 1433برس گزر جانے کے باوجود بھی یہودیت عیسائیت اور مشرکین کے دانشور پوپ پادری ، عربی شاعر اور سائنسدان باہم مل کر بھی قرآن پاک کی کسی چھوٹی سی سورہ مبارکہ کے ہم پلہ ایک محدود ٹکڑا بھی نہ بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دربار عالیہ کھڑی شریف کشمیر کا بڑا روحانی مرکز ہے ہمیں روحانی فیوض و برکات کے حصول کے لیے اس مرکز سے عقیدت کا مظاہر کرنا ہو گا۔

چودھری شیرباز منیر ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم انشاء اللہ یہاں حسن قرات و دیگر مذہبی پروگرام بڑی سطح پر کریں گئے۔ خطیب دربار عالیہ کھڑی شریف علامہ زبیر احمد نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تنظیم خالصتاً اسلامی ہے ہم قرآن و حدیث کی تعلیمات کی تبلیغ و اشاعت کیلئے کوششیں جاری رکھیں گئے۔ انہوں نے علماء کرام، خطیب صاحبان، حفاظ قراء حضرات اور شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں اسلام کی سربلندی ،کشمیر کی آزادی کے لیے و پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :