(ن) لیگ کی قومی و صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کشمالہ طارق کو ٹکٹ نہ مل سکی، کشمالہ بارے سخت تحفظات کا اظہار ،عظمی بخاری قومی کی بجائے صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی فہرست میں21ویں نمبر ‘ (ق) لیگ چھوڑنی والی چار خواتین کو صوبائی اسمبلی کی فہرست میں جگہ مل گئی

اتوار 31 مارچ 2013 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔31مارچ۔ 2013ء) مسلم لیگ (ن) کی قومی و صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر بھی کشمالہ طارق کو ٹکٹ نہ مل سکی‘ پیپلز پارٹی چھوڑ کر (ن) لیگ میں جانے والی عظمی بخاری کو بھی قومی کی بجائے صوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی فہرست میں21ویں نمبر پر رکھا گیا ہے جبکہ (ق) لیگ چھورنے والی چار خواتین کو بھی صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی ٹکٹیں مل گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ہم خیال کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کشمالہ طارق دو سال سے (ن) لیگ کے ساتھ چل رہیں تھیں اور لاہور سے جنرل نشست کیلئے ٹکٹ مانگی مگر (ن) لیگ کی جانب سے ان کو ٹکٹ نہیں دیا گیا جس کے بعد وہ کافی دنوں سے مخصوص نشست کیلئے کوششیں کر رہی تھیں تاہم وہ اس میں بھی کامیاب نہ ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق (ن) لیگی قیادت کے بعض معاملات پر کشمالہ کے بارے میں سنگین نوعیت کے تحفظات ہیں اسی وجہ سے ہمایوں اختر کی بے پناہ کوششوں کے باوجود کشمالہ کو ٹکٹ نہیں مل سکی ۔

اتوار کے روز الیکشن کمیشن میں (ن) لیگ نے قومی و صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر خواتین امیدواروں کی جو لسٹ جمع کروائی ہے اس میں کشمالہ طارق کا نام شامل نہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر (ن) لیگ میں شامل ہونے والی عظمی بخاری جو قومی اسمبلی کے ٹکٹ کی خواہش مند تھیں لیکن ان کو بھی قومی کی بجائے صوبائی اسمبلی کی فہرست میں21ویں نمبر پر رکھا گیاہے۔ (ق) لیگ چھوڑنے والی صبا صادق‘ نسیم لودھی‘عائشہ جاویداورجوئیس روفن جولیس کو بھی (ن) لیگ کی ٹکٹ مل گئی۔

متعلقہ عنوان :