حیدر آباد،آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز ایمپلائز ایسوسی ایشن کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی، مستقل نہ کرنے کیخلاف مظاہرہ،سخت گرمی کے باعث چار لیڈی ہیلتھ ورکرز بیہوش ہوگئیں، تین ماہ سے تنخواہ ، پولیو مہم کے اخراجات ادا نہیں کئے جارہے ، محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے مسائل حل کرنے کی بجائے مہم جاری رکھنے کیلئے دباؤ ڈالا،25ہزارملازمین کا مستقبل تاریک ہوجائے گا،ضلعی صدر رخسانہ مغل کی میڈیا سے بات چیت

پیر 1 اپریل 2013 20:24

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1اپریل۔ 2013ء) آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مستقل نہ کئے جانے کیخلاف شہباز بلڈنگ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا ، سخت گرمی کے باعث چار لیڈی ہیلتھ ورکرز بیہوش ہوگئیں،تفصیلات کے مطابق آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تین ماہ کی تنخواہوں اور دو ماہ کے پولیو مہم کے اخراجات کی عدم ادائیگی کے خلاف شہباز بلڈنگ کے مرکزی دروازے پر احتجاجی دھرنا یا گیا ‘ مظاہرین نے محکمہ صحت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، گرمی کی شدت کے باعث دھرنے میں شامل چار خواتین بے ہوش ہو گئیں جنہیں طبی امداد کی فراہمی کیلئے سول اسپتال پہنچایا گیا، اس موقع پر آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکرز ایمپلائز ایسوسی ایشن کی ضلعی صدر رخسانہ مغل نے میڈیا کو بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو گذشتہ تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں اور نہ ہی انہیں دو ماہ سے پولیو مہم کے اخراجات فراہم کئے جارہے ہیں جس کے باعث لیڈی ہیلتھ ورکرز معاشی بدحالی کا شکار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انہوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی تاہم انہیں تنخواہیں فراہم کرنے کے بجائے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کے لئے دباؤ ڈالا گیا، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے انہیں مستقل کرنے کا لیٹر بھی جاری ہو چکا ہے لیکن محکمے کے افسران کی جانب سے انہیں مستقل کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کے باعث سندھ بھر کی 25 ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کا مستقبل تاریک ہونے کا اندیشہ ہے، واضح رہے کہ گذشتہ روز یکم اپریل کو محکمہ صحت حیدرآباد کی جانب سے پولیو مہم شروع ہونی تھی تاہم لیڈی ہیلتھ ورکز نے تنخواہیں نہ ملنے اور مستقل نہ کئے جانے کے خلاف پولیو مہم کا بائیکاٹ کرتے ہوئے شہباز بلڈنگ کے مرکزی دروازے پر احتجاجی دھرنا دیا۔

متعلقہ عنوان :