ڈینگی سے بچاؤ کی مہم جنگی بنیادوں پر چلائی جائے،ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے جائیں،ڈینگی مچھر کے لاروا کے خاتمے کے لئے مکینیکل اور کیمیکل طریقہ کار پر عمل کیاجائے،تمام محکمے انسداد ڈینگی مہم کو مربوط انداز میں آگے بڑھائیں،عوام میں شعور کی بیداری کیلئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے،قبرستانوں،کباڑخانوں،تالابوں، زیرتعمیر عمارات کی خصوصی مانیٹرنگ کی جائے،مشینری اور آلات چالو حالت میں ہونے چاہئیں،نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کا انسدادڈینگی انتظامات سے متعلق اجلاس سے خطاب

پیر 1 اپریل 2013 20:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1اپریل۔ 2013ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے مہم جنگی بنیادوں پر چلائی جائے اور ڈینگی مچھر اور لاروے کے خاتمے کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے جائیں۔عوام میں صفائی و ستھرائی کی اہمیت اور ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں احتیاطی تدابیرکے حوالے سے شعور بیدار کرنے کے لئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔

تمام متعلقہ ادارے ڈینگی مچھر کے تدارک کے لئے موثراقدامات کریں اورانسداد ڈینگی مہم مربوط انداز میں آگے بڑھائی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے آج یہاں ایوان وزیراعلیٰ میں انسداد ڈینگی انتظامات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت، لوکل گورنمنٹ، ہائر ایجوکیشن، سکولز ایجوکیشن، زراعت، محنت، ماحولیات، سوشل ویلفیئر، امداد باہمی، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے وزیراعلی کو اپنے اداروں کی جانب سے انسداد ڈینگی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی شراکت اور تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ڈینگی مچھر اور لاروے کا مکمل خاتمہ کیاجاسکتا ہے۔ اس لئے عوام الناس کو ڈینگی سے بچاؤ کی تدابیرسے آگاہ کرنے کے لئے بھرپور آگاہی مہم کی ضرورت ہے۔

لوگوں کو ڈینگی سے بچنے کے لئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے آگاہ کیاجائے۔اسی طرح ضلعی سطح پر سیمینارز کا انعقاد کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ انسداد ڈینگی کے لئے مربوط لائحہ عمل مرتب کرکے آگے بڑھا جائے۔انہوں نے کہاکہ ڈینگی مچھر کے لاروا کے خاتمے کے لئے مکینیکل اور کیمیکل طریقہ کار پر عمل کیاجائے اور صوبے کے عوام کو ڈینگی کے کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کا کام متحرک انداز سے کیاجائے۔ ڈینگی سے متعلقہ آلات اور مشینری چالو حالت میں ہونی چاہئیے۔ انہوں نے قبرستانوں، کباڑ خانوں، زیرتعمیر عمارات اور تالابوں کی خصوصی مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ ٹائر شاپس کی بھی مانیٹرنگ کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ پرانے ٹائر کھلے عام نہیں پڑے ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہاکہ انسداد ڈینگی مہم پر مامور عملے کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے-وزیراعلی نے انسداد ڈینگی مہم کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹائرشاپس اور کباڑخانوں کو لائسنس جاری کرنے کا عمل 15اپریل تک ہر صورت میں مکمل ہونا چاہئیے-وزیراعلی نے ڈینگی بریگیڈ کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی-قبل ازیں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ ڈینگی کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور اللہ کا شکر ہے کہ ابھی تک ڈینگی کا کوئی کیس کنفرم نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی ڈینگی بخار کا مریض ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ ہسپتالوں میں انسداد ڈینگی کاؤنٹر قائم کر دئیے گئے ہیں جبکہ سٹیزن فیڈ بیک سسٹم بھی کام کر رہاہے جہاں پر آنے والی تمام شکایات کا فوری ازالہ کیا جارہاہے-اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں انسداد ڈینگی مہم 30مئی تک جاری رہے گی جبکہ عملے کے لئے ریفریشر کورسز کا اہتمام بھی کیا گیاہے-اجلاس میں بتایاگیاکہ انسدادڈینگی مہم بھرپور انداز سے چلائی جارہی ہے اور صورتحال کی مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :