وفاقی دارالحکومت کے نوجوان سینئرصحافی دلشاد عظیم سپرد خاک ،نماز جنازہ میں صحافیوں اورزندگی کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیات کی شرکت

پیر 1 اپریل 2013 21:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1اپریل۔ 2013ء)وفاقی دارالحکومت کے نوجوان سینئرصحافی دلشاد عظیم جو جگر کے عارضہ کی وجہ سے گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے ان کو پیر کو ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک کر دیاگیا۔ نماز جنازہ میں صحافیوں کے علاوہ بہت بڑی تعداد میں زندگی کے تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والی نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔

دلشاد عظیم وفاقی دارالحکومت کے سینئر صحافی طارق بٹ کے بھانجے بھی تھے۔ جنازہ کے موقع پر صحافیوں اور دیگر افراد نے طارق بٹ سے دلشاد عظیم کی وفات پر دلی رنج و غم کا اظہا رکیا کہ ان کی وفات سے ملک ایک انتہائی قابل او رذمہ دار صحافی سے محروم ہو گیا ہے۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر بخاری ، سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات آغا ندیم، فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر ادریس بختیار ، نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر فاروق فیصل خان سمیت صحافی تنظیموں کے عہدیداران اور ارکان نے دلشاد عظیم کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء سابق وفاقی وزیر ماحولیات حمید اللہ جان آفریدی نے سینئر صحافی دلشاد عظیم کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ دلشاد عظیم نہایت شریف ،محنتی اور فرض شناس انسان تھے ،مرحوم نے ہمیشہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض خوش اسلوبی سے سرانجام دیئے ۔حمید اللہ جان آفریدی نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعاکی کہ اللہ تعالی انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ و دیگر احباب کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی تو فیق دے۔