پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے‘ ایکشن پلان کے مطابق متعلقہ محکموں کی سرگرمیاں جاری ہیں‘ قبرستانوں ، کباڑخانوں، ٹائر شاپس کی انسپکشن کی جارہی ہے‘ ڈینگی لارواکی تلاش کا کام سرگرمی سے کیا جارہا ہے‘صوبے میں ڈینگی کا کوئی مریض نہیں‘ڈینگی پر کنٹرول رکھنے کیلئے عوام کا تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے،چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ کا اپنی زیر صدارت اجلاس سے خطاب

منگل 2 اپریل 2013 19:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2اپریل۔ 2013ء) پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال ابھی تک مکمل کنٹرول میں ہے اور پورے صوبے میں ڈینگی کا کوئی کنفرم مریض نہیں اور نہ ہی ڈینگی کے نئے ہاٹ سپاٹس ملے ہیں تاہم انسدادڈینگی کے ایکشن پلان2013 کے مطابق متعلقہ محکموں کی سرگرمیاں اور اقدامات جاری ہیں۔ یہ بات منگل کے روز چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ کی زیر صدارت پراونشل رسپانس کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس میں بتائی گئی۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل کے علاوہ سیکرٹری صحت، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ماحولیات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری زراعت، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود،ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب امجد حسین بھٹی، ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ ویکٹر بارن ڈیزیز، ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سینئر افسران، ای ڈی او صحت لاہور اور ضلعی حکومت کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریزنے اپنے اپنے محکمے کے حوالے سے ڈینگی کی روک تھام کیلئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ قبرستانوں، کباڑ خانوں، ٹائر شاپس، تعمیراتی سائٹس، بلڈنگز کے تہہ خانوں کی انسپکشن کی جاری ہے اور ڈینگی لاروا کی تلاش پوری سرگرمی سے کی جارہی ہے۔ سکولوں اور کالجوں میں ڈینگی کے بارے طلبا و طالبات کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے زیرو پیریڈکا پابندی کے ساتھ انعقاد کیاجارہا ہے نیز طلبہ کے امتحان میں ڈینگی کی معلومات بارے ایک لازمی سوال بھی پرچہ میں شامل کیا جائے گا۔

سکولوں میں بچوں کو پوری آستین والی شرٹس پہننے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔چیف سیکرٹری ناصر محمود کھوسہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال بھی ڈینگی پر موثر کنٹرول عوام کے بھرپور تعاون اور ان کے اشتراک سے ہی ممکن ہواتھا کیونکہ ڈینگی مرض کے ساتھ ساتھ ایک سوشل پرابلم بھی ہے اور یہ مچھر زیادہ تر گھروں کے اندر پایاجاتا ہے اور 80فیصد یہ مسئلہ گھروں کے اندر موجود ہے لہٰذا ڈینگی کے خاتمہ کیلئے عوام کا بھرپور تعاون اور ان کی ایکٹو پارٹیسپیشن نہایت ضروری ہے۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ حکومتی اقدامات کے بارے میں معلومات اور ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے عوام کو مکمل آگاہی رہے۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے حکام سے کہا ہے کہ وہ ڈینگی ایکشن پلان2013 کے مطابق اپنی اپنی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری رکھیں۔قبل ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل کی زیر صدارت بھی انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری اطلاعات و ثقافت عبداللہ خان سنبل، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ امجد حسین بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری صحت (ٹیکنیکل)ڈاکٹر انور جنجوعہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ویکٹر بارن ڈیزیز ڈاکٹر جعفر الیاس، ڈاکٹر وسیم اکرم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام کیلئے موجودہ حکمت عملی، عوامی آگاہی کیلئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی و ضلعی سطح پر آگاہی سیمینارز، واکس کا انعقاد کیا جائے گا- تعلیمی اداروں میں سیمینارز کرائے جائیں گے اور زرائع ابلاغ کے ذریعے آگاہی مہم کو مزید موثر بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :