صوبائی حکومت نے ڈینگی کی ممکنہ وباء سے نمٹنے کیلئے مربوط ایکشن پلان وضع کر لیا ہے ، صوبائی وزراء اور سیکرٹریز انسداد ڈینگی مہم کے انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے،عوام کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور شہریوں کی سماجی عادات بدلنے کے لئے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے،انسداد ڈینگی انتظامات کے سلسلے میں علمائے کرام سمیت معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون حاصل کیا جائے،نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کا انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب

بدھ 3 اپریل 2013 23:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3اپریل۔ 2013ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ڈینگی کی ممکنہ وباء کی روک تھام کے لئے تمام انتظامات کئے ہیں، متعلقہ اداروں نے ڈینگی کی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے مربوط حکمت عملی بنائی ہے-معاشرے کے تمام طبقات کو انسداد ڈینگی کی مہم میں شامل کر کے ڈینگی مچھر کا مکمل خاتمہ کیا جاسکتاہے اس لئے معاشرے کے ہر فرد کو انسداد ڈینگی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئیے - ڈینگی کے خاتمے کی مہم میں عوام کی نچلی سطح تک شمولیت انتہائی ضروری ہے-ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لئے مرتب کردہ ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں- وہ بدھ کو ایوان وزیراعلی میں انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے- اجلاس میں صوبائی وزیرصحت سلیمہ ہاشمی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہیلتھ ،سیکرٹری انفارمیشن ، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی-وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی مچھر سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور صحت و صفائی کی اہمیت سے آگاہ کرنا بے حد ضروری ہے، اس مقصد کے لئے بھر پور آگاہی مہم شروع کی جائے گی اور لاہور سمیت پنجاب کے دیگر بڑے شہروں میں ڈینگی سے بچاؤ کے بارے میں سیمینارزمنعقد کئے جائیں- ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر مبنی لٹریچر کے ذریعے بھی شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے- انہوں نے کہاکہ شہریوں کی سماجی عادات بدلنے کے لئے بھی بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے اور ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں- انہوں نے کہاکہ علماء اپنی تقریروں اور خطابات کے ذریعے عوام کوصفائی و ستھرائی کی اہمیت سے آگاہی دینے میں موثر کردار ادا کرسکتے ہیں اس لئے انسداد ڈینگی انتظامات کے سلسلے میں علمائے کرام کا تعاون بھی حاصل کیا جائے- وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزراء انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا خود موقع پر جاکر جائزہ لیں اور مانیٹرنگ کا موثر نظام اپنایا جائے- انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی انتظامات کاجائزہ لینے کے سلسلے میں لاہور کے 9ٹاؤنزکی نگرانی سیکرٹری صاحبان کریں گے- اسی طرح فیصل آباد ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بھی سیکرٹری صاحبان انسداد ڈینگی مہم پر نظر رکھیں گے -اجلاس میں ڈینگی کی کسی بھی ممکنہ وباء سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی-اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ڈینگی کے حوالے سے صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور ابھی تک الله تعالیٰ کے فضل و کرم اور حکومتی اقدامات کی بدولت ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے-