پاکستان کرکٹ بورڈ کے طبی ماہرین نے سعید اجمل کو صحتمند قرار دیدیا

جمعرات 4 اپریل 2013 13:47

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 4اپریل 2013ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے طبی ماہرین نے قومی کرکٹ ٹیم کے اہم باؤلر سعید اجمل کو کلیئر کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ انہیں پیٹ کی بیماری کیلئے کسی آپریشن کی ضرورت نہیں وہ ادویات سے ہی فٹ ہوجائیں گے۔ سعید اجمل نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے لاہور میں اپنے تمام ٹیسٹ کرائے ہیں اور ڈاکٹروں نے انہیں کلیئر کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ چیمپئنز ٹرافی تک مکمل طور پر فٹ ہوجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مشہوری کے بعد ملکی سطح پر بھی سب کی نظر ہوتی ہے اسلئے یہاں بھی سخت محنت کرنا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ٹی20 ٹورنامنٹ سے باہر رہنے کا بہت افسوس ہے تاہم یہ بہتر ثابت ہوا کہ اب تمام ٹیسٹ کرا لئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سعید اجمل کا شمار اس وقت دنیا کے صف اول کے باؤلرز میں ہوتا ہے۔