پانچ سالوں میں حکمرانوں نے قبائیلی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ، قبائیلی عوام کے نام پر آئے ہوئے فنڈز میں خرد برد کیاہے ، ایک کروڑ قبائیلی عوام کوامریکی ڈرون حملوں کے زد پر رکھا ، ڈرون حملوں کے روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ، قبائیلی عوام کو بنیادی انسانی حقو ق اور بنیادی ضروریات سے محر وم رکھا ،جماعت اسلامی اقتدار میں آکر قبائیلی علاقوں میںآ ب رسانی ، صحت وتعلیم کے مسائل حل کریں گے اور باجوڑ ایجنسی میں لنک روڈ کو یقینی بنائیں گے ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینئر وز سراج الحق کا باجوڑ ایجنسی کے تحصیل برنگ ،تحصیل سالارزئی اور تحصیل اتمان خیل میں جلسوں سے خطاب

پیر 8 اپریل 2013 22:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8اپریل۔2013ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق سینئر وز سراج الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں حکمرانوں نے قبائیلی عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے ۔قبائیلی عوام کے نام پر آئے ہوئے فنڈز کو خرد برد کیاہے ۔حکومت نے ایک کروڑ قبائیلی عوام کوامریکی ڈرون حملوں کے زد پر رکھا اور ڈرون حملوں کے روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ۔

قبائیلی عوام کو بنیادی انسانی حقو ق اور بنیادی ضروریات سے محر وم رکھا ۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر قبائیلی علاقوں میںآ ب رسانی ، صحت وتعلیم کے مسائل حل کریں گے اور باجوڑ ایجنسی میں لنک روڈ کو یقینی بنائیں گے ۔ ایف سی آر کا خاتمہ کریں گے اور قبائیلی عوام کے مشورے سے شرعی نظام رائج کریں گے ۔

(جاری ہے)

وہ باجوڑ ایجنسی کے تحصیل برنگ ،تحصیل سالارزئی اور تحصیل اتمان خیل میں جلسوں سے خطاب کر رہے تھے ۔

جلسوں سے امیر جماعت اسلامی قبائیلی علاقہ جات و امیدوار این اے 45 صاحبزادہ ہارون الرشید ، امیدوار این اے 44 سردار خان باجوڑی اور امیر جماعت اسلامی باجوڑ ایجنسی مولانا وحید گل نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پانچ سالوں میں قبائیلی علاقوں سے منتخب اراکین نے قبائیلی علاقوں کے بجائے اسلام آباد میں ڈھیرے ڈالے ۔ اور قبائیلی علاقوں کوبدامنی کے رحم وکر م پر چھوڑ دیا ۔

نہ قبائیلی علاقوں میں کوئی میڈیکل کالج ،نہ انجینئر نگ کالج قائم کیے ۔ بلکہ سکولوں کوکھنڈرات میں تبدیل کردیا ۔ لاکھوں قبائیلی علاقوں کوہجرت پرمجبور کیا۔ انھوں نے کہاکہ جب تک قرآن کا نظام اس ملک میں نافذ نہیں ہوگا عدل و انصاف کے تقاضے پورے ہوسکتے ہیں اور نہ ہی پاکستان حقیقی معنوں میں خودمختار بن سکتا ہے۔ہمیں مکمل یکسوئی کے ساتھ قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کے لیے سعی کرنا ہوگی اور اس کے لئے سب سے پہلے امریکہ کی اس نام نہاد جنگ سے پیچھا چھڑانا ہوگا۔

محض چند ڈالروں کے عوض حکمران اپنے ہی لوگوں کے خلاف مورچہ زن ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ہمارا کھلا دشمن ہے،اس کے پاکستان میں دو مقاصد ہیں ۔ ایٹمی پروگرام کو ختم کرنا اور ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہ ہونے دینا۔ ہمارا دشمن ہمیں تہہ و بالا کرنے کی سازشیں کررہا ہے۔ ملک قائم ودائم ہے تو سب کچھ ہے۔ موجودہ فرسودہ نظام کو درست کرنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے قبائیلی علاقوں کے قومی اسمبلی کے 11 حلقوں پر انتخابات میں حصہ لے رہی ہے ۔قبائیلی عوام سے توقع ہے کہ جماعت اسلامی کے امیدوار وں کو کامیاب کرائے گی اور جماعت اسلامی کے ممبران حقیقی معنوں میں قبائیلی علاقوں میں امن قائم کرے گی۔