امریکی صدر نے 2014کے لئے3.8 کھرب ڈالر بجٹ منظوری کیلئے کانگریس کو بھجوا دیا، پاکستان کیلئے فنڈز مختص، پاکستان کیلئے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب ڈالر، سول اداروں کے لئے1.3 ارب ڈالر کی رقم مختص کردی گئی، رقم پاکستان میں اداروں کے استحکام، معاشی ترقی، توانائی منصوبوں، تعلیم اور صحت کی سہولیات، شدت پسندی کے مقابلے، سول سوسائٹی کی امداد اور انسدا دہشتگردی کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خرچ کی جائے گی

جمعرات 11 اپریل 2013 14:27

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 11اپریل 2013ء ) امریکی صدر باراک اوباما نے مالی سال2014کے لئے تین اعشاریہ آٹھ کھرب ڈالر کا بجٹ منظوری کے لئے کانگریس کو بھجوا دیا ، پاکستا ن کے لئے کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں ایک ارب ڈالر جبکہ سول اداروں کے لئے ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر کی رقم مختص کردی گئی ۔

(جاری ہے)

واشنگٹن میں بجٹ تخمینہ جات کا اعلان کرتے ہوئے صدر اوباما نے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور اسکے ذیلی امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی یو ایس ایڈ کے لئے مجموعی طور پر سینتالیس اعشاریہ آٹھ ارب ڈالر مختص کئے جس میں پاکستان کے لئے ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر رکھے گئے۔

یہ رقم پاکستان میں اداروں کے استحکام، معاشی ترقی، توانائی منصوبوں، تعلیم اور صحت کی سہولیات، شدت پسندی کے مقابلے، سول سوسائٹی کی امداد اور انسدا دہشتگردی کے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر خرچ کی جائے گی۔ صدر اوباما نے پاکستان کے سول اداروں کے لئے 1.3 ارب ڈالر مختص کر دیئے۔ فنڈز معاشی ترقی، توانائی، تعلیم، سیکیورٹی اداروں پر خرچ کئے جائیں گے۔