مقررہ آئینی مدت کے اندر انتخابات کروا کر اقتدار منتخب نمائندوں کے سپرد کر دیاجائے گا، نگران حکومت پرامن ماحول میں منصفانہ ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی ‘ منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے حکومت کو وکلاء سمیت تمام طبقوں کا تعاون حاصل ہے، صو بائی نگران وزیر قانون شمس محمود مرزا کی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفد سے گفتگو

جمعرات 11 اپریل 2013 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 11اپریل 2013ء) صوبائی نگران وزیر قانون شمس محمود مرزا نے کہا ہے کہ نگران حکومت پرامن ماحول میں منصفانہ ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گی اور مقررہ آئینی مدت کے اندر انتخابات کروا کر اقتدار منتخب نمائندوں کے سپرد کر دیاجائے گا‘ منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے حکومت کو وکلاء سمیت تمام طبقوں کا تعاون حاصل ہے ۔

وہ جمعرات کو ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے - وفد میں بارایسوسی ایشن کے صدر توفیق آصف ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جنرل فیصل خان نیازی سے ملاقات کے دوران کیا۔شمس محمود مرزا نے کہا کہ ملک میں پہلی بار آئین میں کی گئی ترمیم کے تحت غیر جانبدرانہ نگران حکومت کی زیر نگرانی انتخابات منعقد کروائے جا رہے ہیں اور نگران حکومت اس فرض کو بخوبی نبھا رہی ہے‘ نگران حکومت پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ سادگی کو بھی اپنا رہی اور دفاتر میں غیر ضروری لائٹس بند رکھی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہائی کورٹ بار کے صدر توفیق آصف ایڈووکیٹ نے حکومت کو انتخابات کے انعقاد کے لئے وکلاء برادری کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ انتخابات کے بارے میں بعض لوگوں کے خدشات کے برعکس نگران حکومت کی بروقت انتخابات کے انعقاد کے لئے مخلصانہ کوششوں میں وکلاء ہرممکن تعاون کریں گے تا کہ انتخابات کے نتیجے میں منتخب حکومت اپنے فرائض سنبھال سکے۔