Live Updates

صحت مند معاشرے کیلئے ماحولیاتی آلودگی زہرقاتل ہے ، ماحول کو صاف ستھرا رکھنا حکومت کے ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے، ، ماحول کو صاف ستھرا رکھنے بارے آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے،اس سلسلے میں مربوط اور موٴثر اقدامات کے کئے جائین متعلقہ محکمے متحرک کردار ادا کریں ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

ہفتہ 13 اپریل 2013 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13اپریل۔ 2013ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے کیلئے ماحولیاتی آلودگی زہرقاتل ہے۔ ماحولیاتی آلودگی نہ صرف مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بنتی ہے بلکہ انسانی زندگیوں پر اس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا حکومت کے ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے۔

ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کیا جاسکے۔ صنعتی اداروں اور کارخانوں کو اداروں کے اندر اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے مزید اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ شہری نہ صرف مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں بلکہ ماحول بھی صاف ستھرا رہے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہا ں ایوان وزیراعلیٰ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس میں ماحولیاتی آلودگی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل اور ان کے حل کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کو سالڈویسٹ مینجمنٹ کے نظام پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر محکمہ تحفظ ماحولیات و صنعت عارف اعجاز، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ، سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری انڈسٹریز، ڈی سی او لاہور، مینجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، پراجیکٹ ڈائریکٹر اربن یونٹ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے مربوط اور موٴثر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں کو متحرک اور فعال کردار ادا کرنا چاہیئے تاکہ شہری صاف ستھرے اور آلودگی سے پاک ماحول میں زندگی بسر کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کے ساتھ ساتھ شہروں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ اگرچہ لاہور میں سالڈویسٹ مینجمنٹ کا نظام بہترین انداز میں کام کر رہا ہے تاہم دیگر شہروں میں صفائی کے انتظامات کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام میں مزید بہتری اورجدت لائی جائے اور صفائی کے جدید طریقے اپنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شہروں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام علاقوں میں صفائی کے انتظامات معیاری اور یکساں ہونے چاہئیں اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ڈھانپ کر ٹھکانے لگانا چاہیئے۔ منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے اجلاس کو بتایا کہ لاہور کی 138 شہری یونین کونسلوں میں صفائی کا جدید نظام رائج کردیا گیا ہے جہاں رات کے وقت سڑکوں کو پانی سے صاف کیا جاتا ہے جبکہ 12 دیہی یونین کونسلو ں میں صفائی کرنے کی ذمہ داری ابھی بھی لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عملہ نبھا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لکھو ڈیر میں 140 ایکڑ اراضی پر لینڈ فل سائٹ پر کام جاری ہے۔ یہ پنجاب کی پہلی جدید لینڈ فل سائٹ ہے جس کے مکمل ہونے پر کوڑا کرکٹ کو جدید طریقے سے ٹھکانے لگانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ محمود بوٹی جہاں پر پہلے کوڑا کرکٹ پھینکا جاتا ہے کو پارک میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات نے ماحولیاتی آلودگی کے باعث پیدا ہونے والے مسائل اور ان کے سدباب کے حوالے سے بریفنگ دی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات