Live Updates

سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ فضل کریم جگر کے کینسر کے باعث انتقال کرگئے ‘نماز جنازہ کل ادا کی جائیگی، بڑے صاحبزادے صاحبزادہ حامد رضا سنی اتحاد کونسل کے قائمقام چیئرمین مقرر‘این اے 82 سے والد کی جگہ انتخابات میں حصہ لینگے‘ سنی اتحاد کونسل کا 3 روزہ سوگ کا اعلان‘ تمام تنظیمی اور سیاسی سرگرمیاں معطل رہیں گی، صاحبزادہ فضل کریم کی وفات سے قوم ایک ہمدرد اور محب وطن سیاست سے محروم ہوگئی ہے اور ان کی وفات ایک قومی سانحہ ہے‘ صدر زرداری‘ وزیر اعظم کھوسو‘ نواز شریف ‘ منور حسن ‘ فضل الرحمن ‘ عمران خان‘ ساجد نقوی‘ ساجد میر و دیگر کا افسوس کا اظہار۔ اپ ڈیٹ

پیر 15 اپریل 2013 15:12

فیصل آبا د ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 15اپریل 2013ء ) سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ فضل کریم جگر کے کینسر کے باعث گزشتہ کئی ہفتوں کی علالت کے بعد پیر کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں انتقال کرگئے ‘صدر ‘ وزیر اعظم ‘ نواز شریف ‘ سید منور حسن ‘ ساجدمیر ‘ ساجد نقوی‘ عمران خان ‘ سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اظہار افسوس ‘سنی اتحاد کونسل کا 3 روزہ سوگ کا اعلان۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین صاحبزادہ فضل کریم جگر کے کینسر کے باعث گزشتہ کئی ہفتوں کی علالت کے بعد پیر کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں انتقال کرگئے وہ گزشتہ دو روز سے قوما میں تھے‘ ڈاکٹروں کی طرف سے انہیں ہوش میں لانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوسکی تھیں صاحبزادہ فضل کریم کو گزشتہ ماہ اچانک کینسر کی وجہ سے کراچی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا ‘ کینسر کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے وہ سنبھلنے نہیں پائے ‘ کراچی سے انہیں چند روز قبل فیصل آباد لا کر الائیڈ ہسپتال میں داخل کرایاگیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے ۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ فضل کریم کی وفات پر صدر آصف علی زرداری ‘ نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو ‘ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف ‘ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن مولانا فضل الرحمن عمران خان ‘ علامہ ساجد نقوی ‘ پروفیسر ساجد میر ‘ علامہ ناصر عباس جعفری سمیت ملک بھر کے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سنی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ صاحبزادہ فضل کریم کی وفات سے قوم ایک ہمدرد اور محب وطن سیاست سے محروم ہوگئی ہے اور ان کی وفات ایک قومی سانحہ ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم کی جگہ ان کے بڑے صاحبزادے صاحبزادہ حامد رضا کو سنی اتحاد کونسل کا قائمقام چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صاحبزادہ فضل کریم کی وفات پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران تمام تنظیمی اور انتخابی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ اب صاحبزادہ فضل کریم کی جگہ ان کے بڑے صاحبزادے صاحبزادہ حامد رضا سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ہوں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم کی نماز جنازہ کل منگل کو ادا کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات