ڈینگی کے ساتھ خسرہ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں، بچاؤ اور علاج بارے عوامی آگاہی مہم بھرپور طریقہ سے چلائی جائے، جاوید اقبال ،تمام ہسپتالوں میں خسرہ کے مریضوں کو علاج معالجہ اور حفاظتی ٹیکوں کی سہولت مفت فراہم کی جارہی ہے،سیکرٹری صحت پنجاب کی ہدایت

منگل 16 اپریل 2013 20:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16اپریل۔ 2013ء) چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اقبال نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کے ساتھ خسرہ کے مرض کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں اور ان بیماریوں سے بچاؤ اور علاج بارے عوامی آگاہی کے لئے مہم بھرپور طریقہ سے چلائی جائے۔ چیف سیکرٹری نے یہ ہدایات منگل کے روز اپنے آفس میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے ایکشن پلان 2013 ء پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ صحت، خزانہ، ماحولیات، لیبر، ہائرایجوکیشن، سکول ایجوکیشن ، کوآپریٹو ، اطلاعات کے سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریزکے علاوہ کمشنر لاہور، ڈی سی او لاہور، ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے چیئرمین اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں افسران نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے اپنے اپنے محکمہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت عارف ندیم نے بتایا کہ محکمہ صحت نے خسرہ کے مریضوں کوعلاج معالجہ کی مفت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے ہیں اورتمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ عارف ندیم نے مزید کہا کہ خسرہ کی حفاظتی ویکسین کے ٹیکے بھی بچوں کو مفت لگائے جارہے ہیں اور جس علاقے سے خسرہ کا کیس رپورٹ ہوتا ہے وہاں MopUp کے ذریعے متاثرہ علاقے کے 160گھروں میں دس سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جاتے ہیں۔

سیکرٹری صحت نے بتایا کہ خسرہ کی روٹین کوریج اور ماپ اپ کے لئے ویکسین کی کوئی کمی نہیں اور سٹاک میں پانچ ملین سے زائد ٹیکہ جات موجود ہیں جبکہ جون میں صوبہ بھر میں خسرہ کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم چلانے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لئے ویکٹر سرویلنس اور لاروی سائڈنگ کی سرگرمیاں جاری ہیں اورقبرستانوں، کباڑخانوں، ٹائرشاپس ،کارخانوں ، گوداموں اور تعمیراتی سائٹس کے علاوہ پبلک پارکس کی مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سائٹس کی انسپکشن پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ زیرتعمیر عمارات کے ملبے ، تعمیراتی میٹریل اور کھڑے پانی میں ڈینگی لاروا پیدا نہ ہو۔ چیف سیکرٹری جاوید اقبال نے موثر آگاہی مہم پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شاہراہوں پر خسرہ اور ڈینگی سے متعلق احتیاطی تدابیر اور معلومات پر مبنی بینرز آویزاں کئے جائیں اور میڈیا کے ذریعے بھی موثر مہم چلائی جائے۔

اس موقع پر سیکرٹری صحت نے ڈینگی اور خسرہ سے متعلق احتیاطی تدابیر پر مبنی پبلسٹی میٹریل ، ٹی وی کمرشل اور اشتہارات بھی دکھائے جو میڈیا کو جاری کئے جائیں گے۔ اجلاس میں کمشنر لاہور نے ضلعی حکومت کے علاوہ واسا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ریسکیو 1122کی ڈینگی کی روک تھام سے متعلق سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :