غیر معیاری ،جعلی ادویات فروخت کرنیوالے مافیا کیخلاف کاروائی کا حکم،میڈیکل سٹورزمالکان ایسی ادویات کو فوری طور پر تلف کردیں ورنہ سخت کارروائی ہوگی، ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر ظفر اقبال کی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 17 اپریل 2013 17:09

میرپور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 17اپریل 2013ء ) ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ ڈرگ انسپکٹر میرپور کے شہر میں جعلی ، غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے لاہور کی کمپنی کی غیر رجسٹرڈ ادویات بڑی مقدار میں ضبط کرلیں ، میڈیکل سٹوروں کے مالکان ایسی ادویات کو فوری طور پر تلف کردیں ورنہ سخت کارروائی ہوگی ۔

وہ بدھ کویہاں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میرپور میں غیر معیاری ، جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم شروع کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کارروائی کے دوران لاہور کی صائم فارما سوٹیکل لاہور اینگل فارماسوٹیکل لاہور کی غیر رجسٹرڈ ادویات بڑی مقدار میں ضبط کرلی ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ میرپور میں جعلی ،غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کسی کو فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام میڈیکل سٹورز کے مالکان کو خبردار کرتا ہوں کہ اگر کوئی غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات فروخت کرتے ہوئے پکڑا گیا تو ایسے میڈیکل سٹور بند کرتے ہوئے ان کے مالکان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ڈرگ انسپکٹر ظفراقبال نے اہل علاقہ کو درخواست کی کہ جعلی اور غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم شروع کردی ہے جس میں عوام ایسے لوگوں کی نشاندہی کراتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنانے میں ہمارے مدد کریں اور میرپور میں غیر رجسٹر، جعلی اور غیر معیاری ادویات خریدنے سے گریز کریں ۔