الخدمت فاؤنڈیشن کا ماشکیل سمیت بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرہ علاقے میں ریلیف آپریشن کا آغاز، متاثرین زلزلہ کے لئے خیمے ،کمبل ، ادویات ، سرجیکل آلات اور خشک راشن پر مشتمل 2 ٹرک روانہ ، ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کے لئے کوئٹہ میں” کمانڈ اینڈ کنٹرول سیل “ قائم کر دیا گیا

بدھ 17 اپریل 2013 23:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17اپریل۔ 2013ء) الخدمت فاؤنڈیشن نے ماشکیل سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آنے والے تباہ کن زلزلہ کے بعد متاثرہ افراد کے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا۔الخدمت فاؤنڈیشن نے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان پر مشتمل دو ٹرک متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ کر دیے ہیں جن میں 150 خیمے ، 250 کمبل ،100 خاندانوں کے لئے خشک راشن اور ادویات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت کوئٹہ میں ”کمانڈ اینڈ کنٹرول سیل“ بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں سے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اس مو قع پر کہا کہ قدرتی آفات اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان ہیں جس پرکسی کا اختیار نہیں لیکن ان لمحات میں متاثرین کی مدد کرنا ہم سب کا دینی‘ قومی و اخلاقی فرض ہے۔ انہوں نے کہا زلزلہ کے فوری بعد الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ حصہ لیا اور اب ریلیف کے کا موں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ الخدمت متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہ چھوڑیں گی اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔