بجلی بحران شدید،چودہ سے بائیس گھنٹے لوڈشیڈنگ،معمولات زندگی متاثر،ہسپتالوں میں بیمار مریض بھی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے محفوظ نہ رہ سکے

جمعہ 19 اپریل 2013 12:03

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اپریل 2013ء) بجلی کا شارٹ فال بڑھنے سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہو گیا،شہری علاقوں میں چودہ سے اٹھارہ جبکہ دیہات میں دورانیہ بیس سے بائیس گھنٹے تک جا پہنچا۔تعلیمی اداروں میں حاضری کم ہے تو تاجر وں کا کاروبار نہیں چل رہا،ہسپتالوں میں بیمار مریض بھی لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے محفوظ نہ رہ سکے۔شہریوں کو پانی کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

پیپکو کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی طلب 13 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ پیداوار 8 ہزار 9 سو 70 میگا واٹ ہے۔اس طرح بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ سے تجاوز کر گیا جس سے شہری علاقوں میں 14 سے 18 جبکہ دیہات میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بیس سے بائیس گھنٹے ہو گیا ہے۔ملتان میں بجلی کی طویل بندش سے پاور لومز انڈسٹری میں کام بند کر دیا گیا ہے۔جھنگ میں غیر اعلانیہ لوڈ شيڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک جا پہنچا۔سرگودھا میں 18 سے 20 گھنٹے،سیالکوٹ میں چودہ جبکہ گوجرانوالہ میں دورانیہ 12 گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔