اقوام متحدہ کے باہمی امور کے صدر ٹیموں پلاکا کی سینیٹرحاجی محمد عدیل سے ملاقات،عام انتخا بات، ملکی کی مجموعی سیاسی صورتحال، تعلیم، ملک میں پولیو ٹیم کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال

جمعہ 19 اپریل 2013 17:35

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 19اپریل 2013ء ) اقوام متحدہ کے باہمی امور کے صدر مسٹر ٹیموں پلاکا نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ ،امور کشمیراور گلگت بلتستان کے چیئرمین سینیٹرحاجی محمد عدیل سے پارلیمنٹ ہاوٴس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے ملک میں عام انتخا بات ملکی کی مجموعی سیاسی صورتحال، تعلیم، ملک میں پولیو ٹیم کے مسائل کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

سینیٹر حاجی محمد عدیل نے اقوام متحدہ کے باہمی امور کے صدر کو بتایا کہ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخواہ میں فروغ تعلیم کے لئے سرگرم عمل ہے اور ہماری پارٹی پاکستان گلوبل گول 2015تک تعلیم کے شعبے کو پہنچانے کیلئے اقداما ت کر رہی ہے اور اس سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخواہ کے رواں مالی سال کے بجٹ میں جی ڈی پی کا 6فیصد مختص بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فروغ تعلیم سے ہی پاکستان میں اور خصوصاً خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی و انتہا پسندی کی لعنت کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔

سینیٹر حاجی محمد عدیل نے ٹیموں پلاکا کو بتایا کہ اسامہ کی تلاش کیلئے پولیو ٹیم سے مدد لی گئی تھی ۔ جس کی وجہ سے اب لوگ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں دلچسپی کم لے رہے ہیں اور پولیو کی ٹیمیں دہشت گردی کا شکار ہو رہی ہیں۔جس سے پولیو مہم کو خطرہ لاحق گیا ہے۔انہوں نے ٹیموں پلاکا سے کہاکہ وہ اقوام متحدہ اور دیگر اداروں سے مزید تعاون بڑھانے پر زور دیں تاکہ ملک میں پولیو جیسی مہلک بیماری کا خاتمہ کیا جا سکے۔