حکومت نیلم کے مسائل حل کرنے کے لیے بجٹ میں اضافی رقم مختص کرے‘نیلم کے وسائل اور نوادرات پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو یہاں کی تعمیر و ترقی کا خیال بھی رکھنا چاہیے ‘ ہندوستان کی آئے روز فائرنگ سے یہ علاقے شدید متاثر ہوتے ہیں جماعت اسلامی اپنی استاطت کے مطابق عوام کی خدمت کرتی ہے مگر زیادہ وسائل حکومت ہی فراہم کر سکتی ہے‘ یہاں کے عوام کی قربانی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں سے کسی قدر کم نہیں ہیں ‘ صحت کی سہولتوں سمیت یہاں عوام کو بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ‘ موبائل سروسز فراہم کی جائیں ‘ جماعت اسلامی حقیقی اسلامی انقلاب تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ‘ کشمیر کی آزادی اور اسلامی نظام کا قیام جماعت اسلامی کا مشن ہے ، جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی کااجتماع سے خطاب

ہفتہ 20 اپریل 2013 14:50

نیلم (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 19اپریل 2013ء ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر نیلم کے مسائل کے حل کے لیے بجٹ میں اضافی رقم مختص کرے ‘یہاں ہندوستان کی آئے روز فائرنگ کی وجہ سے علاقے متاتر رہتے ہیں ان کے حل کے لیے ضروری ہے کہ زیادہ وسائل صرف کیے جائیں ‘ یہاں کے عوام کی قربانیاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں سے کسی قدر کم نہیں ہیں ۔

وہ ہفتہ کو یہاں اپنے دورہ نیلم کے دوران اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر امیر ضلع عنایت علی قاسمی سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ نیلم کے وسائل اور نوادرات پر ہاتھ صاف کرنے والوں کو یہاں کی تعمیر و ترقی کا خیال بھی رکھنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

نیلم قدرتی وسائل سے مالامال ہے مگر یہاں کے عوام بنیادی انسانی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

ہسپتال ‘ سکول اور سڑکیں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی بساط کے مطابق یہاں کے عوام کی خدمت الخدمت سمیت دیگر اداروں کے ذریعے کر رہی ہے مگر جتنے مسائل ہیں ان کے حل کے لیے زیادہ وسائل کی ضرورت ہے جو حکومت ہی فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آزا دخطے میں حقیقی اسلامی انقلاب کی جدوجہد کر رہی ہے کشمیر کی آزادی اور اسلامی نظام کا قیام ہمارا مشن ہے ۔

جب تک الله کے دیے ہوئے نظام کو غالب نہیں کریں گے اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔ روایتی پارٹیاں اور فرسودہ نظام ہمارے مسائل کا حل نہیں ہے ۔ہمارے مسائل کا حل الله کے قرآن کے دیے ہوئے نظام میں مضمر ہے ۔عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اس کی تنظیم کو مضبوط کریں تا کہ کشمیر کی آزادی اور اسلامی انقلاب کے لیے راہ ہموار ہو سکے انہوں نے کہا کہ یہاں کے عوام کی سہولیات کے لیے موبائل سروسز فراہم کی جائیں تا کہ یہ لوگ ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔ بھارت کی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کو ایک فوجی کے برابر حقوق دیے جائیں ۔