طالبان نے صوبہ ہلمند پر بھی قبضہ کر لیا‘اپنا گورنر مقرر‘صحت کے مراکز اور دینی مدارس بھی قائم کر دیئے گئے۔آسٹریلیا نے 300فوجی افغانستان بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ روسی وزیر خارجہ کابل پہنچ گئے

جمعہ 23 فروری 2007 12:26

کابل(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23فروری2007 ) افغانستان میں طالبان نے جنوب مغربی صوبے ہلمند کے بڑے علاقے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اپنا گورنر مقرر کر دیا-کئی علاقوں میں صحت کے مراکز اور دینی مدارس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں-نیٹو افواج کے طیاروں کا کنٹرول ختم کرنے کیلئے طیارہ شکن جدید ہتھیار استعمال کرنے کا اعلان- تفصیلات کے مطابق افغانستان میں طالبان نے جنوب مغربی صوبے ہلمند کے بڑے علاقے کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد وہاں اپنا گورنر مقرر کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔

عرب ٹی وی کے مطابق طالبان کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ طالبان نے بڑے علاقے کاکنٹرول حاصل کر لیا ہے اور صوبے کے کئی علاقوں میں صحت کے مراکز اور دینی مدارس بھی قائم کیے گئے ہیں ۔طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں نیٹو افواج کے طیاروں کا کنٹرول ختم کرنے کے لئے جلد طیارہ شکن جدید ہتھیاروں کا استعمال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی نے ایک وڈیو بھی نشر کی ہے جس میں طالبان جنگجووٴں کو ہلمند کے مختلف علاقوں میں آزادانہ طور پر ہتھیار اٹھائے گشت کرتے دکھایا گیا ہے ۔

دریں اثناء آسٹریلیا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر ڈاؤنر نے کہا ہے کہ ان کا ملک افغانستان میں طالبان کا مقابلہ کرنے کیلئے 300 فوجیوں پر مشتمل دستہ افغانستان بھیج رہا ہے-ادھر روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف جمعہ کو صدر حامد کرزئی اور دیگر سینئر حکام سے مذاکرات کرنے کیلئے افغانستان پہنچ گئے اس سے قبل روسی وزیر خارجہ کا گزشتہ ماہ دورہ افغانستان منسوخ کر دیا گیا تھا-افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان سلطان احمد بھیم نے کہاکہ روسی وزیر خارجہ کے دورے کے موقع پر افغانستان میں تعمیر نو اور روس کی طرف سے انسداد منشیات کے خلاف تربیتی پروگرام کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی-وہ اپنے افغان ہم منصب رنگین دادفر سپانتا سے بھی ملاقات کریں-