لاہور میں 29اپریل سے5مئی تک انسداد خسرہ کی خصوصی مہم چلائی جائے گی،مہم کے دوران 6ماہ سے10سال تک کی عمر کے30لاکھ بچوں کو خسرہ کا ٹیکہ لگایا جائے گا،27اپریل کو ویکسینیٹرز کی تربیت ہوگی، خسرہ کے خلاف مہم میں حصہ لینا قومی فریضہ ہے‘ غفلت برتنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم کا اجلاس سے خطاب،لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور نرسنگ سکولوں کو ویکسینیشن سٹاف کی فہرستیں فوراً محکمہ صحت کو بھجوانے کی ہدایت

پیر 22 اپریل 2013 21:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اپریل۔ 2013ء) سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم نے کہا ہے کہ لاہور میں 29اپریل سے 5مئی تک انسداد خسرہ کی خصوصی مہم چلائی جائے گی‘ اس مہم کے دوران 6ماہ سے10سال تک کی عمر کے 30لاکھ بچوں کو خسرہ کی ویکسین کے ٹیکے لگائے جائیں گے‘سیکرٹری صحت نے لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور نرسنگ سکولوں کی پرنسپلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ہسپتال سے مخصوص تعداد کے مطابق خسرہ کے انجیکشن لگانے کے لئے سٹاف کی فہرست محکمہ کوفوراً جمع کرادیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ پیرکو ہدایات سول سیکرٹریٹ میں انسداد خسرہ کی خصوصی مہم کے سلسلہ میں لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور نرسنگ سکولوں کی پرنسپلز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں- اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صحت(ٹیکنیکل)ڈاکٹر انور جنجوعہ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت (اسٹیبلشمنٹ)اسفندیار خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر تنویر احمد، ای ڈی او صحت لاہور ڈاکٹر ذوالفقار کے علاوہ لاہور جنرل ہسپتال ، جناح ہسپتال، سروسز ہسپتال ، میو ہسپتال ، سرگنگارام ہسپتال، لیڈی ولنگڈن ہسپتال، لیڈی ایچی سن ہسپتال، گورنمنٹ میاں محمد نواز شریف ہسپتال، گورنمنٹ سیدمٹھا ہسپتال ، کوٹ خواجہ سعید ہسپتال ، میاں منشی ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ، نرسنگ سکولوں کی پرنسپلز ، ڈین انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر طاہر مسعوداور ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر معاذ نے شرکت کی-سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ انسداد خسرہ کی خصوصی مہم کے دوران ویکسینیشن سٹاف اپنی ذمہ داریوں کو قومی فریضہ سمجھ کر سرانجام دیں- انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی پر مامور سٹاف کی حاضریاں سو فیصد یقینی بنائی جائیں اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی -سیکرٹری صحت نے کہا کہ 29اپریل سے 5مئی تک مہم میں حصہ لینے والے سٹاف کو خصوصی الاؤنس بھی دیا جائے گا- اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری صحت(ٹیکنیکل)ڈاکٹر انور جنجوعہ نے کہا کہ مجموعی طور پر پورے لاہور میں تقریبا 900ورکرز بچوں کو انجیکشن لگانے کے لئے یونین کونسل کی سطح تک تعینات کئے جائیں گے، یہ سٹاف لاہور کے سرکاری ہسپتالوں اور نرسنگ سکولز فراہم کریں گے- اس سلسلہ میں 27اپریل کو مذکورہ سٹاف کی تربیت اور ضروری معلومات فراہم کرنے کے لئے خصوصی ورکشاپ بھی ہوگی- انہوں نے بتایا کہ خسرہ کی وباء سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا ہے اور سب سے زیادہ اموات بھی لاہور میں ہوئی ہیں-

متعلقہ عنوان :