انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی دنیا میں پاکستان کے سوفٹ امیج کی بحالی کی نوید ہوگی،اقتدارمیں آکر نادار افراد کو علاج کی بہترین سہولیات دینے کے لئے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کر یں گے ، صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا،مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کا کارکنوں سے خطاب

پیر 22 اپریل 2013 21:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اپریل۔ 2013ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نئے ویژن کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، ہم معاشرے کے نادار افراد کو علاج کی بہترین سہولیات دینے کیلئے نیشنل ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کر یں گے جبکہ صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا ۔وہ پیرکو یہاں کارکنوں سے خطاب کررہے تھے ۔

انھوں نے کہا کہ آج ملک میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے پورے معاشرے کے اعصاب توڑ کر رکھ دیئے ہیں ۔ مہنگائی ، غربت و افلاس اور بے روزگاری نے لوگوں کو ذہنی و جسمانی طور پر بیمار کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت صحت کی کوئی مربوط اور جامع پالیسی دینے میں ناکام رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم بسر اقتدار ٓاکر عام آدمی کو”میڈیکل انشورنش “مہیا کریں گے تاکہ اسے علاج معالجے میں آسانی رہے ، ہسپتال میں داخلے اور آپریشن وغیرہ میں پریشانی کا سامنانہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک بھر کے پسماندہ و کم ترقی یافتہ علاقوں کے عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کرے گی اس کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کی صورتحال کو بہتر بنائے گی۔ تاکہ گندے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پایا جا سکے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ گیارہ مئی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی دنیا میں پاکستان کے سوفٹ امیج کی بحالی کی نوید ہوگی۔