لاہور،پولیو ویکسین محفوظ رکھنے کیلئے مہیا کئے گئے ریفریجریٹرز کی بازارمیں فروخت کاانکشاف

جمعرات 25 اپریل 2013 21:11

لاہور/شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25اپریل۔ 2013ء) پولیو کے قطرے محفوظ رکھنے کیلئے محکمہ صحت پنجاب کے فراہم کردہ ریفریجریٹرز کی بازار میں کھلے عام فروخت کاانکشاف ہوا ہے۔جمعرات کوای ڈی او ہیلتھ شیخوپورہ رفیق احمد کے مطابق فریج فروخت کرنے کا انکشاف اسٹور کی چیکنگ کے دوران ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کے ہمراہ رچنا ٹاون میں چھاپا مارکرایک دکان سے4فریج اور ویکسین باکس برآمدکرلئے اورمقدمہ درج کرکے دکاندار محمدحسین کو گرفتار کر لیا جبکہ ویکسی نیٹر جہانزیب مفرورہے،برآمدکئے گئے فریج میں پیک فریج بھی شامل ہیں۔

ملزم محمد حسین کاموقف ہے کہ جہانزیب اس کی دکان پر فریج ٹھیک کرانے کیلئے لایا تھا،جبکہ ای ڈی او ہیلتھ رفیق احمد نے کہاہے کہ ان میں بالکل نئے اور ڈبہ پیک فریج بھی شامل ہیں،ویسے بھی محکمہ اپنی خراب فریج خودٹھیک کراتاہے،کسی پرائیویٹ دکان سے فریج ٹھیک کرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

متعلقہ عنوان :