جلوزئی کے آئی ڈی پیز کیمپوں میں مقیم غیور قبائل نے ثابت کر دیا ہے کہ کوئی چمک یا لالچ انہیں حق ساتھ دینے سے نہیں روک سکتی، کسی تشہیر کے بغیر متاثرین کے لئے آئی ڈی پیز کیمپ کا قیام ، تعلیم صحت ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنایا ، اس وقت انہیں متاثرین کی مکمل حمایت حاصل ہے،کسی انتخابی امیدوار کو متاثرین کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ،متاثرین جانتے ہیں کہ کس نے مشکل وقت میں ان کا ہر ممکن ساتھ دیا،کون صرف وقتی اور سیاسی مفاد کی خاطر انہیں استعمال کرنے کے درپے ہے،سابق وفاقی وزیر ماحولیات و رکن قومی اسمبلی حمید اللہ جان آفریدی کاجلسہ سے خطاب

ہفتہ 27 اپریل 2013 23:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27اپریل۔ 2013ء) سابق وفاقی وزیر ماحولیات و رکن قومی اسمبلی حمید اللہ جان آفریدی نے کہا ہے کہ جلوزئی کے آئی ڈی پیز کیمپوں میں مقیم غیور قبائل نے ثابت کر دیا ہے کہ کوئی چمک یا لالچ انہیں حق ساتھ دینے سے نہیں روک سکتی ۔ کسی تشہیر کے بغیر متاثرین کے لئے آئی ڈی پیز کیمپ کا قیام ، تعلیم صحت ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کو ممکن بنایا اور یہی وجہ سے کہ اس وقت انہیں متاثرین کی مکمل حمایت حاصل ہے اور کسی بھی انتخابی امیدوار کو متاثرین کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی کیونکہ متاثرین جانتے ہیں کہ کس نے مشکل وقت میں ان کا ہر ممکن ساتھ دیا اور کون صرف وقتی اور سیاسی مفاد کی خاطر انہیں استعمال کرنے کے درپے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ہفتہ کو پشاور میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں جلوزئی کیمپ کے آئی ڈی پیز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حمید اللہ جان آفریدی نے کہا کہ میں نے گذشتہ دس برسوں سے صدق دل سے اپنے حلقے کے عوام اور آپریشن سے متاثرہ قبائل کی خدمت کی ہے اور حکومت میں رہتے ہوئے قبائل سے کسی قسم کی زیادتی پرنہ صرف احتجاج کیا ہے بلکہ حکومت کو قبائل کے مسائل حل کرنے پر مجبور بھی کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ روزاول سے قبائل کو ان کے جائز حقوق دلانے کی جدو جہد جاری رکھی ہے اور آئندہ بھی علاقائی اور عوام خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جلوزئی کمیپ کے تمام متاثرین کی بحالی کو ممکن بنایا جائے گا اور ان کے نقصانات کا ازالا بھی کرایا جائے گا۔ حمید اللہ جان آفریدی نے غیور قبائل نے ووٹوں کی خریدو فروخت کی تجارت کو مسترد کر کے ان عناصر کے حوصلہ شکنی کی ہے جو ان کے ضمیر کا سودا کرکے کامیابی حاصل کر نا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے علاقے کی ترقی کے لئے جو کام کئے ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی اور مستقبل میں بھی فاٹا کو قومی ترقی میں نمایاں مقام دلانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ جلسے سے متاثرین جلوزئی کیمپ فلاحی کمیٹی کے سربراہ حاجی داود ، حاجی غفور آفریدی ، حاجی بازار گل آفریدی، حاجی میر محمد آفریدی ، حاجی منور شاہ ، حاجی مجیب الرحمن اور دیگر رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین جلوزئی کیمپ کا جوش خروش اس امر کا غماز ہے کہ حمید اللہ جان آفریدی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور جلوزئی کیمپ کے متاثرین کسی کے بہکاوئے میں نہ آتے ہوئے ان کے حق میں ووٹ دیں گے۔