انسداد خسرہ کی سات روزہ خصوصی مہم کا آغاز( کل) سے ہوگا ،محکمہ صحت نے 10سال تک کی عمر کے 30لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں

اتوار 28 اپریل 2013 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔28اپریل۔ 2013ء) لاہور میں سات روزہ انسداد خسرہ کی خصوصی مہم کا آغازآج (پیر ) سے ہوگا ۔

(جاری ہے)

5مئی تک جاری رہنے والی مہم میں ضلع بھر میں6ماہ سے 10سال تک کی عمر کے تقریبا30لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے-علاوہ ازیں لاہور کے تمام سرکاری و نجی پرائمری سکولوں میں بھی بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے- حفاظتی ٹیکے لگوانے سے انکار کرنے والے سکولوں کو بند کر دیا جائے گا- محکمہ صحت کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں ، بنیادی مراکز صحت و دیہی مراکز صحت میں بھی صبح8بجے سے شام 5بجے تک بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے انجکشن لگائے جائیں گے- ترجمان نے مزید کہا کہ یہ مہم پورا ہفتہ جاری رہے گی جس کے دوران اتوار اور یکم مئی کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے- ترجمان نے کہا کہ انجکشن لگانے کے لیے موبائل ٹیمیں تمام یونین کونسلوں میں محلہ کی سطح پر جائیں گی اورمحلے میں ویکسینیشن ٹیموں کی آمد کے بارے میں مساجد کے لاؤڈ سپیکر سے بھی اعلانات کیے جائیں گے-مزید برآں ہیلتھ ورکرز اپنے اپنے علاقوں میں گھر گھر جاکر لوگوں کو ان کے محلے میں آنے والی ویکسینیشن ٹیم کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے- ترجمان نے مزید کہا کہ انسداد خسرہ کی سات روزہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر آگہی و تشہیری مہم بھی چلائی جارہی ہے جس کے لیے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر اشتہارات چلانے کے علاوہ بینرزاور فلیکس بھی سڑکوں پر آویزاں کیے جارہے ہیں- انہوں نے کہا کہ جس عمارت یا جگہ پر موبائل ٹیم بچوں کو ٹیکے لگانے کے لیے قیام کرے گی وہاں لوگوں کی اطلاع کے لیے بینرز آویزاں کرنے کی خصوصی ہدایت کی گئی ہے- ترجمان نے بتایا کہ محکمہ صحت نے خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کے لیے 660موبائل ٹیمیں، سکولوں میں جانے کے لیے165اور مقررہ جگہ پر بچوں کو ٹیکے لگانے کے لیے 265فکسڈٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں-ترجمان نے مزید کہا کہ لوگوں کی سہولت کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے لیے کم از کم چار ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی ہے علاوہ ازیں والدین کے بیٹھنے اور پینے کے لیے ٹھنڈے پانی کا معقول انتظامات کر نے کی بھی ہدایت کی گئی ہے- ترجمان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی سہولت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے اپنے 6ماہ سے 10سال تک کی عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جاسکے-

متعلقہ عنوان :