جانوروں میں منہ کھر کی بیماریوں پر قابو پا کر لائیو سٹاک کے شعبہ کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ایسرچ

پیر 29 اپریل 2013 13:31

ا سلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 29اپریل 2013ء) وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ایسرچ کے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالباسط خان نے کہا ہے کہ جانوروں میں پائی جانے والی منہ کھر کی بیماریوں پر قابو پا کر لائیو سٹاک کے شعبہ کی پیداوار میں اضافہ کر کے بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے  جانوروں کی مختلف بیماریوں پر قابو پانے کے حوالے سے قومی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں عالمی ادارہ برائے خوراک اور امریکی ادارہ برائے زراعت کی معاونت حاصل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری عبدالباسط خان نے کہا کہ جانوروں میں منہ کھر کی بیماری نہ صرف پاکستان میں پائی جاتی ہے بلکہ مختلف ممالک میں جانور اس کا شکارہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس بیماری سے 70 لاکھ ڈالر مالیت کے جانور موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

لائیو سٹاک کا شعبہ ملکی ترقی اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس شعبہ کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں میں منہ کھر کی بیماریوں کو کنٹرول کرنے کیلئے جو پروگرام شروع کیا گیا تھا اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اس پروگرام کے تحت نہ صرف منہ کھر کی بیماریوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے بلکہ جانوروں کی دیگر بیماریوں کے سدباب کیلئے بھی کام کیا جا رہا ہے۔