لاہور، جنرل ہسپتال کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد امجد شہزاد (کل) اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے ،جنرل ہسپتال کی ترقی اور مریضوں کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات ہیں‘ نئے ایم ایس کا عزم

پیر 29 اپریل 2013 21:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29اپریل۔ 2013ء) جنرل ہسپتال کے نئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد امجد شہزاد کل (منگل) اپنے عہدے کا چارج سنبھال رہے ہیں۔ اپنی نئی ذمہ داریوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حکومت پنجاب اور عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ کی ترقی و نیک نامی اور مریضوں و ملازمین کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیحات ہیں وہ ادارے کے سٹاف کے دوران بہتر ورکنگ ریلیشن شپ اور میرٹ پر تمام امور کی انجام دہی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ڈسپلین کے پابند ہیں اور دوسروں سے بھی یہی توقع رکھیں گے کہ وہ دفتری نظم و ضبط کی سختی سے پابندی کریں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ مریضوں و ان کے لواحقین کی انتظامی ڈاکٹروں تک آسان رسائی کیلئے جنرل ہسپتال میں اوپن ڈور پالیسی کو فروغ دیا جائے گا۔ ڈاکٹر محمد امجد شہزاد قبل ازیں محکمہ صحت پنجاب کے مختلف اداروں میں خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔انہوں نے 1982ء میں گریجویشن کی بعد ازاں 1994 ء میں ایم سی پی ایس اور 1999 ء میں ڈی پی ایچ کیا۔ ڈاکٹر محمد امجد پراونشل کوآرڈینیٹر برائے ہیلتھ مینجمنٹ بھی رہ چکے ہیں وہ مختلف اہم سرکاری ذمہ داریوں کے علاوہ غیر ممالک میں کئی سیمینارز اور ورکشاپس میں بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے شعبہ طب میں ریسرچ ورک بھی کیا ان کی خدمات کی اعتراف میں کئی اداروں نے انہیں گولڈ میڈل سے نوازا ہے۔

متعلقہ عنوان :