ایچ آئی وی/ ایڈزایک اہم مسئلہ ہے ، اس پر توجہ نہ دی گئی تو یہ ایک بڑے مسئلے کی شکل اختیارکرسکتا ہے، پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی کامیابی کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے،صوبائی وزیر صحت سلیمہ ہاشمی کاسیمنار سے خطاب

بدھ 1 مئی 2013 16:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1مئی۔ 2013ء) صوبائی وزیر صحت سلیمہ ہاشمی نے کہا ہے کہ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کی کامیابی کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے،انہوں نے مختلف تنظیموں، تحقیق کاروں اور پروگرام پر عملدرآمد کنندگان کے درمیان کثیرالجہت تعاون پر زور دیا، ایچ آئی وی ایک اہم مسئلہ ہے اور اگر اس پر توجہ نہ دی گئی تو یہ ایک بڑے مسئلے کی شکل اختیارکرسکتا ہے-وہ مقامی ہوٹل میں پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے اجلاس پہلے پروگرام سائنس گروپ سے خطاب کررہے تھے -اس موقع پر پروگرام منیجر آف پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر سلمان شاہد، ڈین ، انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر مواد احمد، اقوام متحدہ کے ادارے یو ایس ایڈ، عالمی بنک اور ایکشن ایڈ کے نمائندے بھی موجودتھے-ڈاکٹر فرحان ایمی نیول نے پنجاب سائنس گلوبل پروگرام کے بارے میں بتایا-بعدازاں ڈاکٹر طاہرہ عذرا رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے پنجاب میں مجوزہ پروگرام سائنس سرگرمیوں کے بارے میں بتایا-اجلاس میں پروگرام سائنس گروپ کے رکنیت کو بھی حتمی شکل دی گئی-ڈاکٹر سلمان شاہد پروگرام منیجر پی اے سی پی نے شرکاء کو پنجاب میں پی اے سی پی کی ایچ آئی وی کی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا-دریں اثناء پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام اور مرکز برائے گلوبل پبلک ہیلتھ یونیورسٹی آف مینی ٹوبہ نے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے تعاون سے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں ایک سیمینار منعقد کیا -اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجرجنرل محمد اسلم مہمان خصوصی تھے- سیمینار کا مقصد ہیومن ریسوس ڈویلپمنٹ پروگرام کے بارے میں بتانا تھا جس کے ذریعے این جی اوز کے نمائندے ، آئی پی ایچ ، سول سوسائٹی سے تحقیق کاروں اور ایچ آئی وی پروگرام کے نمائندوں نے شرکت کی-جس کا مقصد ان کی ریسرچ ، پبلک ہیلتھ اور پروگرامنگ کے ذریعے استعدادکار کو بہتر بنانا تھا-سیمینار سے ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر معاذ،ڈاکٹر فرحان ایمی نول، ڈاکٹر طیبہ رشید، ڈاکٹر محمد شاہد اقبال ، ڈاکٹر سلمان شاہد نے بھی خطاب کیا-

متعلقہ عنوان :