نواز لیگ کی ظالمانہ پالیسیوں نے غریب سے مفت ادویات کی سہولت چھین لی،چودھری پرویزالٰہی نے 1500 میگاواٹ کے پاور پراجیکٹ لگائے جو ن لیگ کی نالائقی اور عدم ادائیگی کے باعث چالو نہ ہو سکے ،حقیقی جمہوریت اور مثالی معاشرے کا قیام اسی وقت ممکن ہے جب آپ ووٹ کا استعمال مثبت سوچ اور دیانتداری سے کرینگے، چودھری شجاعت حسین کے بیٹے شافع حسین کا عوامی اجتماعات سے خطاب

بدھ 1 مئی 2013 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1مئی۔ 2013ء) مسلم لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے صاحبزادے مسلم لیگی رہنما چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ نوازلیگ کی ظالمانہ پالیسیوں نے غریب سے مفت ادویات کی سہولت چھین لی، حقیقی جمہوریت اور مثالی معاشرے کا قیام اسی وقت ممکن ہے جب آپ اپنے ووٹ کا استعمال مثبت سوچ اور دیانتداری سے کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے سلسلے میں گجرات کے حلقہ این اے 105 کے مختلف علاقوں شاہین چوک، رحمت آباد، کالرہ خاصہ اور سلطان آباد میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں چودھری پرویزالٰہی نے 1500 سے زائد میگاواٹ کے پراجیکٹ لگائے جو نام نہاد خادم اعلیٰ کی نالائقی اور عدم ادائیگی کے باعث چالو نہیں ہو سکے جبکہ گزشتہ 5 سالوں میں صوبہ پنجاب نے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے ہر شعبہ زندگی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے گئے، شعبہ صحت میں پاکستان میں پہلی مرتبہ دیہی مراکز صحت میں کوالیفائیڈ ڈاکٹر تعینات کیے گئے، صوبہ کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کیں جس کو ن لیگ نے ختم کر کے اربوں روپیہ سستی روٹی جیسی فلاپ سکیموں پر خرچ کر دیا، گوجرانوالہ ڈویژن کی عوام کیلئے وزیرآباد کارڈیالوجی کا تحفہ دیا گیا مگر سابقہ حکومت نے اسے چالو نہ ہونے دیا، اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو انشاء اللہ فلاحی سکیموں کو مکمل کرایا جائے گا۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ 11 مئی کو ترقی اور خوشحالی کے نشان سائیکل پر مہر لگائیں، گجرات سمیت پورے صوبہ کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر علی جاوید چٹھہ، چودھری عمر بشیر، چودھری انعام الحق، ملک فاض، عبد الرؤف مغل و دیگر بھی موجود تھے۔