آئین کے تحت پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں،تعلیم،صحت،سیاست اورملک کی تعمیروترقی میں اقلیتی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں،پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے مل کر اسے ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرناہے،اقلیتی برادری کو درپیش مسائل حل کرانے کی بھرپورکوشش کریں گے،وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی کی اقلیتوں کے وفد سے گفتگو

جمعرات 2 مئی 2013 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2مئی۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی سے پاکستان میں بسنے والی مختلف اقلیتوں کے نمائندہ وفد نے جمعرات کو ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں کے کردار ، ان کے حقوق اور اقلیتوں کو درپیش مسائل پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر اقلیتی امور جمشید رحمت اللہ، بشپ آف لاہور چرچ آف پاکستان بشپ عرفان جمیل، گلف اور ایران کے بشپ آزاد مارشل، رومن کیتھولک چرچ کے بشپ سباسٹین، بہائی کمیونٹی کی ڈاکٹر روحیہ موفادی، سکھ کمیونٹی کے سردار بشن سنگھ، ہندو کمیونٹی اور دیگر اقلیتوں کے نمائندے موجود تھے۔

وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آئین کے تحت پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کاآئین اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔دین اسلام تمام اقلیتوں کے ساتھ رواداری کا درس دیتا ہے اور ان کے حقوق کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگیاں گزارنے کا پورا حق حاصل ہے اور انہیں پاکستان کے دیگر شہریوں کی طرح مساوی حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اقلیتوں کے مقدس مقامات کی حفاظت اور دیکھ بھال ریاست کی ذمہ داری ہے۔پنجاب حکومت اقلیتوں کے مقدس مقامات کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش پر خطیر وسائل خرچ کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہپاکستان ہم سب کا ہے اور اسے ہم نے مل کر آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقلیتوں نے قیام پاکستان سے لے کر اس کی تعمیر و ترقی کی منزل تک بھرپور کردار اداکیاہے۔

تعلیم،صحت اور سیاست کے میدان میں اقلیتی برادری کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ اقلیتی برادری تعلیم سمیت دکھی انسانیت کی خدمت میں بھی مصروف عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی حیثیت ماں کی مانند ہے ، اپنے تمام شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اس کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے مختص کردہ کوٹے پر پوری طرح عملدرآمد کیاجارہاہے۔

وزیراعلیٰ نے اقلیتی برادری کو یقین دہانی کرائی کہ اقلیتی برادری کو درپیش مسائل حل کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔اقلیتی برادری کے نمائندہ وفد نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کا غیرجانبدارانہ کردار لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ نجم سیٹھی ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق کی بات کرتے رہے ہیں۔ امید ہے کہ نجم سیٹھی مستقبل میں بھی اقلیتوں کے مسائل حل کرانے میں اپنا موثر اور فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔