محکمہ صحت کی انسداد خسرہ مہم کیلئے مہم کے باوجود نئے مریضوں کی ہسپتالوں میں آمد کا سلسلہ جاری

جمعہ 3 مئی 2013 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3مئی۔2013ء)محکمہ صحت کی جانب سے انسداد خسرہ مہم کیلئے مہم کے باوجود نئے مریضوں کی ہسپتالوں میں آمد کا سلسلہ جاری ہے ،چوبیس گھنوں میں مزید 133نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی تمام تر کوششوں کے باوجود خسرے کے مرض پر قابو نہیں پایا جاسکا اور چوبیس گھنٹوں میں مزید ایک سو تینتیس بچوں میں مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور، دیپالپور اور مظفرگڑھ سمیت دیگر اضلاع میں ایک سو تینتیس بچوں میں خسرے کے مرض کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 10688تک پہنچ چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے بھر میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 72ہوگئی ہے جبکہ لاہور میں 42بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ لاہور کے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں اب تک خسرے کے مرض میں مبتلا 90بچے زیر علاج ہیں۔