اسلامی تحریک پاکستان اور پیپلزپارٹی کاانتخابی اتحاد جمہوریت اور اعتدال پسند اسلامی قوتوں کی مضبوطی کا باعث ہو گا ‘ پاکستان کی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ عدم برداشت ،شدت پسندی اور دہشت گردی ہے ، اسلامی تحریک پاکستان و شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر سید محمود حسین بخاری کا بیان

ہفتہ 4 مئی 2013 14:34

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 4مئی 2014ء ) اسلامی تحریک پاکستان و شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر سید محمود حسین بخاری نے کہا ہے کہ اسلامی تحریک پاکستان اور پیپلزپارٹی کے درمیان انتخابی اتحاد جمہوریت اور اعتدال پسند اسلامی قوتوں کی مضبوطی کا باعث ہو گا ۔پاکستان کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ عدم برداشت ،شدت پسندی اور دہشت گردی ہے ۔

بم دھماکے اور بد امنی اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ ساتھ پاکستان اور اسکے شہریوں کے لیے بھی بد نامی کا باعث بن رہے ہیں ۔عدم برداشت کی سو چ کسی حدود وقیود کے دائرہ میں نہ آتی ہے ۔جلد یا بدیر اس سوچ کو پروان چڑھنے دینے والی جماعتیں اور قوتیں بھی عدم برداشت کی سوچ کا نشانہ بنیں گی ۔وقتی اور سیاسی فوائد کے لیے شدت پسندی کی حمایت مستقبل میں نقصان کا باعث ہو گی ۔

(جاری ہے)

ماضی کی تاریخ اورحالیہ حالات اس امر کی گواہی دیتے ہیں ۔لہذا اعتدال پسند جماعتوں اور قوتوں کو آپس میں ملکر عوام کی ترقی و خوشحالی اور قومی سلامتی کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔اسلامی تحریک پاکستان کے سر بر اہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیپلزپارٹی سے اتحاد کا فیصلہ و سیع تر سوچ اورملت جعفریہ کے حقوق کے تحفظ کے تناظر میں ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے ملک میں جاری دہشت گردی کا نشانہ بننے والی جماعتون پیپلزپارٹی ،اے این پی ،مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں ،معصوم شہریوں اور مسلح افواج کے افسران اور سپاہیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک کی جمہوری اور اعتدال پسند مذہبی جماعتوں اور پر امن و باشعور عوام دہشت گردی کی سوچ کے سامنے اپنا سر نہیں جھکائیں گے اور پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے کام کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں عوام سوچ سمجھ کر اپنا ووٹ استعمال کریں ۔دہشت گردوں کی حامی جماعتوں کو عوام مسترد کریں اور ہزاروں پاکستانیوں کی جانوں کو راہیگاں نہ جانے دیں ۔ملت جعفریہ اپنے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کے فیصلہ کی روشنی میں عام انتخابات میں قومی و صوبانی اسمبلیوں کے امیدواروں میں سے پیپلزپارٹی اور اسلامی تحریک کے امید واروں کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی تمام کاوشیں اور توانائیاں صرف کرے گی ۔