کراچی میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر پر حملوں کا سراغ مل گیا، ایک ملزم گرفتار ، دھماکے میں ملوث ملزم کا سراغ لگا لیا گیا ،ملوث ملزم سیاسی جماعت کا سابقہ کارکن ہے، کالعدم لشکرجھنگوی کے جہادی گروپ کے رکن کے ساتھ مل کر دہشت گردی کررہا ہے، 26اپریل کو مومن آباد میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں بم دھماکے کے لئے چنگ چی رکشہ استعمال کیا گیا،کارروائی میں دوسرا کالعدم گروپ ملوث تھا جس میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈی آئی جی ویسٹ ظفر اقبال بخاری کی گفتگو

اتوار 5 مئی 2013 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔5مئی۔ 2013ء) کراچی کے علاقے مومن آباد، نصرت بھٹو کالونی اور پیپلزکالونی میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر کے باہر کیے گئے دھماکوں میں ملوث ملزمان کا سراغ مل گیا ، ایک ملزم کو گرفتار کرلیاگیا ۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ ظفر اقبال بخاری نے کہاکہ دھماکے میں ملوث ملزم کا سراغ لگا لیا گیا ۔

اس میں ملوث ملزم ایک سیاسی جماعت کا سابقہ کارکن ہے اور کالعدم لشکرجھنگوی کے جہادی گروپ کے رکن کے ساتھ مل کر دہشت گردی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 26اپریل کو مومن آباد میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں بم دھماکے کے لئے چنگ چی رکشہ استعمال کیا گیا۔ اس کارروائی میں دوسرا کالعدم گروپ ملوث تھا جس میں ملوث ملزم کا پتہ چلا لیا گھیا ہے اور ایک ملزم کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

اس ملزم نے ایسی ہی ایک کارروائی خواجہ اجمیر نگری کے علاقے میں کرنے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنادیا گیا تھا۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے کہا کہ گذشتہ رات عزیز آباد میں دو بم دھماکوں کا سراغ لگانے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ابتدائی معلومات میں پیش رفت ہوئی ہے۔بفرزون کے علاقے پیپلزکالونی میں 25 اپریل کو ایم کیو ایم کے الیکشن آفس کے باہر دھماکہ کیا گیا تھا۔