پاکستانی زخمی قیدی ثناء اللہ کی حالت بدستور تشویشناک، رشتہ داروں کی چندی گڑھ ہسپتال جاکر عیادت ، ڈاکٹروں کی ثناء اللہ کی صحت بارے بریفنگ ،حکومت کی ثناء اللہ کو واپس لانے کیلئے پی آئی اے کو طیارہ تیار رکھنے کی ہدایت

منگل 7 مئی 2013 23:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7مئی۔ 2013ء) بھارتی جیل میں قیدیوں کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والے پاکستانی قیدی ثناء اللہ کی حالت بدستور تشویشناک ، حکومت نے پی آئی اے کو ثناء اللہ کو واپس وطن لانے کیلئے طیارہ تیار رکھنے کی ہدایت کر دی جبکہ ثناء اللہ کے رشتہ دار نے چندی گڑھ ہسپتال میں عیادت کی ۔

(جاری ہے)

منگل کو نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی قیدی ثناء اللہ کی حالت بدستور تشویشناک ہے اس وقت وہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلاء ہے ، ڈاکٹرز اسے بچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں تاہم حکومت پاکستان نے کسی بھی اقدام کیلئے پی آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ طیارہ تیار رکھے کسی وقت بھی کوئی اطلاع مل سکتی ہے ۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے طیارے کی بھارت روانگی کے لیے کوئی طے شدہ شیڈول تو نہیں دیا البتہ پی آئی اے کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی قیدی ثناء اللہ کئی دن سے مصنوعی تنفس پر ہیں اور منگل کوان کے دو رشتہ دار واہگہ باڈر کے راستہ بھارت گئے جنہوں نے چندی گڑھ ہسپتال میں ثناء اللہ سے ملاقات کی ۔ چندی گڑھ ہسپتال کے ڈاکٹروں نے انہیں ثناء اللہ کے صحت کے بارے میں بریفنگ دی ۔