موجودہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری منصفانہ ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا ہے ، عوام کے فوری حل طلب مسائل سے غافل نہیں ، اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ، نگران وزیر صحت وہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا فرخ سے کاایبٹ آباد میں سرکاری محکموں کے افسروں سے خطاب

بدھ 8 مئی 2013 23:25

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8مئی۔ 2013ء)صوبہ خیبر پختونخوا کے نگران وزیر صحت،ہائیر ایجوکیشن میجر جنرل(ر) فرخ سیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری منصفانہ ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانا ہے تا ہم وہ عوام کے فوری حل طلب مسائل سے بھی غافل نہیں ، عوام کے تمام فوری حل طلب مسائل کو حل کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

جو مسائل رہ گئے انہیں ایک” سسٹم“ میں ڈال کر آنے والی حکومت کیلئے چھوڑ دیا جائے گا۔ وہ بدھ کویہاں ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ ایبٹ آباد میں سول سوسائٹی،امن کمیٹی اور مختلف سرکاری محکموں کے افسروں سے خطاب کر رہے تھے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کامران زیب نے ضلعی حکومت کے مختلف محکموں کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اہم محکموں میں اعلی تعلیم،صحت ،ایرا ،پیرا،ماحولیات ،سی اینڈ ڈبلیو وغیرہ شامل تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے وزیر موصوف کو ضلع میں ہونے والے ترقیاتی عمل پر کام کی رفتار سے بھی آگاہ کیا۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے وزیر موصوف کو ایبٹ آباد کے مسائل جن میں تجاوزات ،پینے کا پانی ہسپتالوں کی حالت ،سڑکوں اور مواصلات کے دیگر شعبوں سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزیر نے ان تجاویز کو توجہ سے سنا اور کہا کہ سرکاری محکموں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کو عوامی مفاد میں اس طرح استعمال کریں ،کہ ان سے عوام کے فوری مسائل حل ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور معاشرہ دونوں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی انفرادی اور اجتماعی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر مفید تجاویز سامنے آئی ہیں۔ کہ ضلعی حکومت ان تجاویز پر مبنی رپورٹ فوری طور پر صوبائی حکومت کو روانہ کرے ،ہم اس کی روشنی میں فوری احکامات صادر کریں گے۔