Live Updates

لاہور میں عمران خان کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں، کچھ بھی ہو جائے عام انتخابات میں تحریک انصاف ہی کامیاب ہو گی، دنیا کی کوئی طاقت تحریک انصاف کے سونامی کو نہیں روک سکتی، (ن) لیگ کی صفوں میں دراڑ پڑ چکی ہے،شریف برادران کی نیندیں بھی اُڑی ہیں، عمران خان(کل) انتخابی جلسے سے ٹیلیفونک خطاب کریں گے، پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں 11مئی کو گھروں سے نکل کر ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں،عمران خان کو ڈاکٹرز نے بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ، عمران خان قوم کے سامنے ہوں گے، پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی اور شاہ محمود قریشی کی پر یس کا نفر نس

بدھ 8 مئی 2013 23:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8مئی۔ 2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی اور شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور میں عمران خان کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں، کچھ بھی ہو جائے عام انتخابات میں تحریک انصاف ہی کامیاب ہو گی اور دنیا کی کوئی طاقت تحریک انصاف کے سونامی کو نہیں روک سکتی، (ن) لیگ کی صفوں میں دراڑ پڑ چکی ہے اور شریف برادران کی نیندیں بھی اُڑی ہیں، عمران خان کل انتخابی جلسے سے ٹیلیفونک خطاب کریں گے، پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 11مئی کو گھروں سے نکل کر ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کو ووٹ دیں،عمران خان کو ڈاکٹرز نے بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے لیکن عمران خان کو ملک اور قوم کی فکر ہے وہ بہت جلد عوام میں ہونگے۔

(جاری ہے)

وہ لاہور میں اسد عمر، شیری مزاری، اعجاز چوہدری، جہانگیر چوہدری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف کے بارے میں لوگوں کے تمام اندازے غلط ثابت ہو چکے ہیں اور کل تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے اور عام انتخابات میں تحریک انصاف ہی کامیاب ہو گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کل اسلام آباد میں تحریک انصاف کے انتخابی مہم کے آخری جلسے سے ٹیلیفونک خطاب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف نظریے کی بنیاد پر ووٹ لیکر مخالف جماعتوں کو شکست دے گی اور عام انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف اور ناکامی (ن) لیگ کا مقدر بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے پاس جذبات کے علاوہ کچھ نہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عوام نے تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے اس لئے تحریک انصاف کو کامیابی سے نہیں روکا سکتا اور تحریک انصاف کی انتخابی مہم شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عمران خان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا ہے اور ہم تحریک انصاف کے تمام امیدواروں سے کہیں گے کہ وہ پریشان نہ ہوں اور شیڈول کے مطابق اپنی انتخابی مہم چلائیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات