Live Updates

عمران تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں لیکن اپنا ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، معالج عمران خان

جمعرات 9 مئی 2013 15:41

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9مئی 2013ء) عمران خان کے معالجین نے انہیں ووٹ ڈالنے کےلئے میانوالی جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ شوکت خانم اسپتال لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل سلطان نے عمران خان کی صحت کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان کا ایم آر آئی کیا گیا جس کی رپورٹ کے مطابق ان کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصان نہیں پہنچا اور وہ بہت تیزی کے ساتھ صحتیاب ہورہے ہیں، ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اگلے ایک سے دو روز میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ عمران مزيد کتنے دن اسپتال میں رہیں گے تاہم یہ ممکن نہیں کہ وہ انتخاب سے قبل گھر جاسکیں اور میانوالی میں اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عمران خان جس طرح صحت یاب ہورہے ہیں وہ توقع اورایک عام آدمی کی نسبت بہت بہتر ہے تاہم ان کی معلومات کے مطابق عمران خان نے کسی بھی قسم کی چہل قدمی نہیں کی اس کے علاوہ آج اسلام آباد کے جلسے سے وڈیو خطاب کی اجازت بھی ان کی صحت کو مدنظر رکھ کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام افراد سے ملاقات پر پابندی برقرار ہے تاہم ان کی سیکیورٹی اور دوسرے مریضوں کی مشکلات دیکھتے ہوئےعمران خان کو تیسری منزل پرمنتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عمران خان دو روز قبل لاہور میں جلسے سے خطاب کےلئے اسٹیج پر چڑھتے ہوئے لفٹر سے گر کر زخمی ہوگئے تھے، جس سے ان کی پسلیوں میں 3 فریکچر اور سر میں چوٹ لگی تھی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات