عام انتخابات کے نتائج نے چک شہزاد کے فارم ہاؤس کے قیدی سابق صدر کی نیندیں حرام کردیں،(ن) لیگ کی کامیابی نے مشرف کو انتہائی پریشان کردیا، ہر وقت اپنے پاکستان واپسی کے فیصلے پر پشیمانی کا اظہار

اتوار 12 مئی 2013 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12مئی۔2013ء) ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج نے چک شہزاد کے اپنے فارم ہاؤس میں بننے والی سب جیل کے قیدی سابق صدر پرویز مشرف کو ہفتہ ا ور اتوار کی درمیانی رات بے چین کئے رکھا اور ان کی نیندیں حرام کردیں۔ اتوار کو سب جیل کے ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف جن کو ان کے کمرے میں ٹی وی کی سہولت حاصل ہے انتخابی نتائج ٹی وی پر دیکھتے رہے اور جوں جوں انتخابی نتائج (ن) لیگ کے حق میں آنا شروع ہوئے پرویز مشرف کی پریشانی میں اضافہ ہونا شروع ہوگیا ۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کے امیدواروں کی مسلسل کامیابی نے سابق صدر کو انتہائی بے چینی میں مبتلا کردیا اور وہ مسلسل کئی گھنٹے تک کمرے کے اندر ٹہلتے رہے اور اس دوران وہ مسلسل سگار پیتے رہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر علی الصبح تین اور چار بجے کے درمیان خواب آور گولیاں کھا کر سوئے اور اس کے باوجود جلد ہی اٹھ گئے اور پھر ٹی وی کے سامنے بیٹڑھ گئے تاہم (ن) لیگ کی 120 سے زائد نشستوں سے کامیابی نے ان کی پریشان کو اور زیادہ بڑھا دیا۔

واضح رہے کہ سابق صدر مشرف نے 12اکتوبر 1999ء کو نواز شریف حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا جس کے بعد نواز شریف کو گرفتار کرکے ان سے انتہائی نازیبا سلوک کیا گیا ذرائع نے بتایا کہ ان دنوں سابق صدر ہر وقت اپنی پاکستان واپسی کے فیصلے پر سخت پشیمانی اور تاسف کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :