پاکستان جمہوری راستے پر گامزن ہو چکا ہے جس کا مظاہرہ حالیہ الیکشن کے انعقاد سے لگایا جا سکتا ہے، جمہوری حکومت نے اقتدار جمہوری طریقے سے دوسری حکومت کو منتقل کر دیا ، جمہوریت کی بقاء کیلئے بیشمار کام کیا گیا ،چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری کاجی ایچ کیو میں سیمنار سے خطاب

پیر 20 مئی 2013 23:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20مئی۔ 2013ء) ء چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوری راستے پر گامزن ہو چکا ہے جس کا مظاہرہ حالیہ 2013ء کے شفاف الیکشن کے انعقاد سے لگایا جا سکتا ہے۔جس میں ایک جمہوری حکومت نے اقتدار جمہوری طریقے سے دوسری حکومت کو منتقل کر دیا ہے اور جمہوریت کی بقاء کیلئے بیشمار کام کیا گیا ہے ۔

وہ پیر کو بین الاقوامی سیمپوزیم جی ایچ کیو میں سمینار سے خطاب کررہے تھے ۔چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء کیلئے ہماری قوم نے بیشمار قربانیاں دی ہیں ۔اب ہماری قوم اور فوج کا مورال بہت اونچا ہو چکاہے اور ہم سب بین الاقوامی چیلنجوں سے نپٹنے کیلئے متحد ہو چکے ہیں۔سید نئیرحسین بخاری نے پوری قوم کے حوالے سے آرمی کی قربانیوں کو سراہا اور خاص طور پر ہماری فوج کی پاکستان کے اندر دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے دی جانی والی قربانیوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ ہماری قومی بقاء کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردی کے خلاف لڑا جائے ۔بیشمار چیلنجوں کے باوجود ہماری سیاسی لیڈر شپ اور قومی ادارے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے متحد ہیں۔ سید نئیر بخاری نے کہا کہ بین الاقوامی کمیونٹی کی مدد سے پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارہ حاصل کر سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا ایمپروائز ایکسکلوسیو ڈیوائس کا استعمال انتہائی مہلک ہے جس سے بیشمار خاندان اور عام عوام متاثر ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے متاثرین اپنے اعضا ء سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ۔انہوں نے بین الاقوامی ، حکومتی اورپرائیویٹ سیکٹر پر زور دیا کہ آئی ای ڈی کے متاثرین کی تعداد کو کم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ متفقہ پالیسی پر اتفاق کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی تمام ممکنہ سپورٹ افواج پاکستان کو فراہم کریگی تاکہ اس مہلک مسئلے سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔