عمر کوٹ میں انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی‘ ضلع کو پولیو فری بنانے کے لئے مئوثر اقدامات کئے جائیں،ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ ندیم الرحمن کااجلاس سے خطاب

منگل 21 مئی 2013 20:44

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21مئی۔ 2013ء) ڈپٹی کمشنر عمر کوٹ ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ ضلع عمر کوٹ میں انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی‘ ضلع کو پولیو فری بنانے کے لئے مئوثر اقدامات کئے جائیں تاکہ مستقبل کے معماروں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچایا جاسکے‘ وہ ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں 27سے 29مئی تک جاری رہنے والی سہہ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے‘ ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن نے کہا کہ اس مہلک مرض سے محفوظ رہنے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ پولیوکی قومی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ماسٹر پلان کے تحت مکمل عملدرآمد کیا جائے تاکہ ہم اس قومی مشن میں سو فیصد کامیابی حاصل کر سکیں ، انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام داخلی راستوں پر احتیاتی تدابیر اختیار کی جائیں اور ان راستوں پر پولیو ٹیموں کو فل پروف سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے تاکہ وہ گھر گھر جا کر 05 سال تک کے بچوں کو آسانی سے پولیو کے قطرے پلا سکیں ،انہوں نے کہا کہ باہر سے آنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے بچوں کو پولیو سے مکمل آگاہی دی جائے‘ اس موقع پر ایس ایس پی قمر الزماں جسکانی نے کہا کہ ہم سب کو اس قومی پولیو مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ جو ٹیمیں دور دراز علاقوں میں پولیو کی ویکسین کرنے جائیں گی ان کو پولیس سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی ، اس موقع پر پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر فرید احمد ہنگورجو نے پولیو مہم ماسٹر پلان کے متعلق اجلاس کو آگاہی دی ، اجلاس میں سماجی تنظیموں کے نمائندے ، ڈاکٹرز اور ضلع کے تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :