حافظ آباد میں گیسٹرو کی وباء شدت اختیار کر گئی،24گھنٹوں میں ڈیڑھ سوسے زائد مریض ہسپتال داخل

منگل 21 مئی 2013 20:47

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21مئی۔ 2013ء)حافظ آباد میں گیسٹرو کی وباء شدت اختیار کر گئی۔چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈیڑھ سوسے زائد مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے۔گیسٹرو کے مرض میں مبتلا مریضوں میں بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور چلڈرن وارڈ میں بیڈز کی کمی کے باعث ایک بستر پر تین، تین مریضوں کو داخل کیا گیا ہے، جبکہ ہسپتال میں بیڈز کی کمی کے باعث مریض زمین پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔

موسمی تبدیلی کے باعث گیسٹرو کے مریضوں میں اضافے کا خدشہ۔حافظ آباد اور گردو نواح میں موسم تبدیل ہوتے ہی گیسٹرو کے مرض میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 78بچوں سمیت 150سے زائد مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے۔24بستروں پر مشتمل چلڈرن وارڈ میں بستر کم پڑ جانے کے باعث ایک بیڈ پر تین ، تین مریضوں کو داخل کیا گیا۔

(جاری ہے)

گیسٹرو کے مریض بچوں میں تین جڑواں بھائی بھی شامل ہیں۔چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد امجد کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں بستروں کی کمی کے باعث ایک بستر پر مجبوراً تین، تین بچوں کو داخل کیا گیا ہے اور روزانہ ان مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ہسپتال کے میل میڈیکل وارڈ میں بھی 16مریض داخل ہیں ،میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ 24گھنٹوں کے دوران ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں 80سے زائد مریضوں کو چیک اپ کیا گیا جن میں متعدد کو ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال حافظ آباد میں بستروں کی کمی کیساتھ ساتھ ادویات کی کمی کے باعث بھی مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔