لوڈ شیڈنگ ودیگر مسائل کے مارے عوام کو دھرنوں سے نہیں مسائل کے حل سے دلچسپی ہے،یہ وقت احتجاج کا نہیں بلکہ عوام کے مسائل کو مل کر حل کرنے کا ہے، احتجاجی مظاہروں کا وقت وہ تھا جب لوڈشیڈنگ، ڈینگی اور سیلاب کے دوران پنجاب کے عوام ایک کرپٹ حکومت کے ظالمانہ رویے پر سراپا احتجاج تھے،سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

منگل 21 مئی 2013 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21مئی۔ 2013ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ اور دوسرے مسائل کے مارے ہوئے عوام اپنی مشکلات کا حل چاہتے ہیں اور انہیں دھرنا سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وقت احتجاج کا نہیں بلکہ عوام کے مسائل کو مل کر حل کرنے کا ہے۔

احتجاجی مظاہروں کا وقت وہ تھا جب لوڈشیڈنگ، ڈینگی اور سیلاب کے دوران پنجاب کے عوام ایک کرپٹ حکومت کے ظالمانہ رویے پر سراپا احتجاج تھے۔ میں تمام جماعتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ پاکستان کے مسائل کے حل کے لیے اکھٹے ہو جائیں اور مشرف اور زرداری کے دیئے ہوئے زخموں پر مل کر مرہم رکھیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی واحد ترجیح عوام کے مسائل کا حل ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ ہم نے حکومت میں آنے سے پہلے لوڈشیڈنگ کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کر دی ہیں اور وفاقی سطح پر اس ضمن میں تجاویز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں تحریک انصاف کی جیت ہوئی ہے۔ مگر وہاں ہارنے والوں نے واویلا نہیں مچایا۔ بلکہ اپنی شکست کو حوصلے اور فراخدلی سے قبول کیا ہے۔ مسلم لیگ ن بھی اپنے مقابلے میں ہارنے والوں سے ایسی ہی توقع رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگرچہ اکثریتی جماعت نہیں بلکہ سیٹوں کے اعتبار سے سب سے بڑی پارٹی ہے ۔ اس کے باوجود ہم نے کے پی کے میں اس کی طرف سے حکومت بنانے کی حمایت کی ہے۔ بلوچستان کے حالیہ دورے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے لیے مختص ترقیاتی فنڈزکو مال غنیمت سمجھ کر لوٹ مار کی گئی۔ اس لوٹ مار میں بدعنوان سیاستدان اور کرپٹ بیورو کریٹ دونوں شامل تھے۔

بلوچستان کابینہ مناسب سائز کی ہو گی اورحکومت میں وہ لوگ شامل کیے جائیں گے جن کی اولین ترجیح بلوچستان میں جدید ہسپتالوں، معیاری تعلیمی اداروں کا قیام اور سڑکوں کی تعمیروتوسیع ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومت سازی کا عمل اتحادی پارٹیوں کی مشاورت سے مکمل کیا جائے گا۔دریں اثناء راجن پور سے نومنتخب اراکین اسمبلی جعفر لغاری، شیر علی گورچانی اور سابق وزیراعلیٰ انتخابی مہم کے انچارج سمیع اللہ چوہدری نے سابق وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں جام پور سے اسمبلی کارکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

ان رہنماؤں نے کہا کہ راجن پور کے عوام اس امر کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں کہ خادم پنجاب نے انتخاب کے لیے ان کا حلقہ منتخب کیا۔ یہ لوگ سیلاب میں ان کی خدمت اور جذبے کی دل سے قدر کرتے ہیں اور انہیں اپنا محسن قرار دیتے ہیں۔ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر راجن پور کے عوام اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی کاموں کو ہمارے مخالفوں نے بھی تسلیم کیا ہے۔ ہم انشاء اللہ آئندہ پانچ برسوں میں جنوبی پنجاب کے اضلاع میں تعمیروترقی کے نئے معیار قائم کریں گے۔