پولیو مہم میں تمام محکموں کے ساتھ این جی اوز سے بھی مدد لی جائے ‘پولیومہم کا خاتمہ قومی مفاد میں ہے جس کیلئے ہم سب کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ڈپٹی کمشنر آصف اکرام کا انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب

منگل 21 مئی 2013 20:50

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21مئی۔ 2013ء) ڈپٹی کمشنر آصف اکرام نے کہا ہے کہ پولیو مہم میں تمام محکموں کے ساتھ این جی اوز سے بھی مدد لی جائے کیونکہ پولیومہم کا خاتمہ قومی مفاد میں ہے جس کیلئے ہم سب کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے دربار ہال میں 27سے 29مئی تک ہونیوالی انسدادپولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے سلسلے میں جو بھی مسائل درپیش ہوں انکی رپورٹ دی جائے تاکہ انہیں بروقت حل کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ پولیس کے عبداللہ کو ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو مکمل سیکورٹی دینے کیلئے متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو پابند کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ صحت کے ڈاکٹر خالد اور ڈاکٹر اشفاق کو ہدایت کی کہ جو بھی سرکاری ملازمین اور والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے سے انکار کررہے ہیں ان کے اداروں کے سربراہان اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے مل کر ان کے خدشات دور کئے جائیں تا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پلانے سے رہ نہ جائے اوریقین دلایا کہ جہاں ضلعی انتظامیہ کی ضرورت ہوگی وہاں ضلعی انتظامیہ بھر پور مدد کریگی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو مہم کی نگرانی کیلئے اسسٹنٹ کمشنروں ،مختیارکاروں اور تپیداروں کو مقرر کیا جائے گا۔اجلاس میں ڈاکٹر خالد نے بتایا کہ ضلعے بھر کی 41یونین کونسلوں میں157ایریا انچارچ، 572موبائل ٹیمیں،102فکسڈ پوائنٹ،68ٹرانزٹ پوائنٹ،10رومنگ اور اسپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر غوث قائمخانی،مفتی شریف سعیدی،مولانا صادق سعیدی،ایس اے خان،پی پی ایچ آئی کے شہباز میمن،ڈاکٹر حنیف ،ڈاکٹر اشفاق ،این جی اوز کے نمائندگان،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :