چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے‘ چین کے اہم قومی مفادات سے متعلق امور پر پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ ثابت قدم کھڑا رہے گا‘ چینی وزیراعظم کے دورے سے امن ‘ ترقی کا عمل مزید آگے بڑھے گا، چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری کا ایوان بالا کے خصوصی اجلاس میں خطاب ، پاک چین دوستی پر فخر ہے‘ شہید بھٹو‘ بے نظیر ‘نواز شریف اور صدر زرداری نے چین سے رشتے مضبوط کئے ‘ اعتزاز احسن، چین کے ساتھ دوستی پر پوری پاکستانی قوم نازاں ہے ‘چین سے دوستی قیمتی اثاثہ ہے ‘ راجہ ظفر الحق

جمعرات 23 مئی 2013 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 23مئی 2013ء) چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے‘ چین کے اہم قومی مفادات سے متعلق امور پر پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ ثابت قدم کھڑا رہے گا‘ چینی وزیراعظم کے دورے سے امن ‘ ترقی کا عمل مزید آگے بڑھے گا۔ انہوں نے یہ بات سینٹ کے اجلاس سے چینی وزیراعظم کے خطاب سے قبل اپنی تقریر میں کہی۔

اس موقع پر تمام پارٹیوں کے سینیٹرز نے شرکت کی ‘ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ لی کی چیانگ کا دورہ پاکستان دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا دونوں ممالک میں اہم سیاسی تبدیلیوں کے وقوع پذیر ہونے کے بعد یہ دورہ ہورہا ہے اس دورے سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ تمام حالات و مشکلات کے باوجود پاک چین دوستی ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے اور یہ دورہ دوستی کو مزید فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے چین کے اہم قومی مفادات سے متعلق تمام امور پر پاکستان چین کے ساتھ ثابت قدم کھڑا رہے گا چین کی خودمختاری کو درپیش کسی بھی خطرے کو ہم پاکستان کی خودمختاری کیلئے خطرہ سمجھتے ہیں ہم پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت اور معاشی ترقی کیلئے چین کے اصولی اور مستقل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح پر یہ سیاسی تعلق برقرار رہے گا جو ہمارے منفرد باہمی تعلقات کا اہم مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے پرامن ترقیاتی اور قوموں کے درمیان جیت‘ جیت کے تعاون کے نظریے سے پوری طرح متفق ہے‘ پاکستان چین کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر امن اور استحکام کے لئے ہر فورم پر تعاون کرے گا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کی طرف سے چینی وزیراعظم کا خیر مقدم کرتے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت پرامن انتخابات کے نتیجے میں اقتدار منتقل ہورہا ہے اور پیپلز پارٹی کی جدوجہد جہد سے جمہوریت مضبوط ہوئی ہے ہمیں پاک چین دوستی پر فخر ہے‘ ذوالفقار علی بھٹو‘ بے نظیر بھٹو‘ میاں نواز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے چین سے رشتے مضبوط کئے اور صدر آصف زرداری واحد صدر ہیں جنہوں نے پانچ سالوں میں 9مرتبہ چین کا دورہ کیا۔

ہم چین کے دشمن کو پاکستان کا دشمن سمجھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پر پوری پاکستانی قوم فخر کرتی ہے یہ دوستی ایک قیمتی اثاثہ ہے ہمیں مزید ایک د وسرے کے قریب آنے کی ضرورت ہے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہئے اور پارلیمانی وفود کے تبادلے بھی ہونے چاہئیں۔