لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کروڑوں پاکستانی چند گھنٹے سکون کی نیند سے محروم، لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے والی وزارت کے وفاقی سیکرٹری 3 بجے کے بعد دستیاب نہیں ہوتے، سٹاف کو سخت ہدایات

جمعہ 24 مئی 2013 22:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24مئی۔ 2013ء) لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کروڑوں پاکستانی چند گھنٹے سکون کی نیند سے محروم ہیں تو دوسری طرف لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے والی وزارت کے وفاقی سیکرٹری دن 3 بجے کے بعد کسی کو دستیاب نہیں ہوئے، وزارت پانی و بجلی کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی انوار احمد خان لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پوری قوم جن مسائل سے دو چار ہے سے قطعی طور پر بے نیاز ہیں اور وہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے کسی طرح کے بھی عملی اقدامات اٹھانے سے قاصر ہیں، ذرائع نے بتایا کہ وفاقی سیکرٹری دن تین بجے دفتر سے گھر چلے جاتے ہیں اور پورے سٹاف کو انتہائی سخت ہدایات ہیں کہ اس کے بعد ان سے کسی کی بات نہ کرائی جائے اور وہ کسی کو بھی نہیں ملیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ وفاقی سیکرٹری کے اہل خانہ لاہور میں مقیم ہیں اور وہ جمعہ کی شب لاہور چلے جاتے ہیں اور دو دن وہاں اہل خانہ کے ساتھ گزار کر پیر کی صبح واپس آتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ حالیہ عرصہ میں صرف نرگس سیٹھی نے بطور سیکرٹری پانی و بجلی انتہائی دیانتداری اور ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دیئے وہ سارا دن وڈیو لنک کے ذریعہ بجلی کی پیداوار اور تقسیم کار کمپنیوں کے سربراہان سے رابطہ میں رہتی تھیں، ذرائع نے بتایا کہ نرگس سیٹھی کی وجہ سے نہ صرف وزارت بلکہ پورے پاور سیکٹر کے حکام تنگ تھے، واضح رہے کہ نرگس سیٹھی کو پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے بعض ناجائز ادائیگیوں سے انکار کر نے کے بعد تبدیل کر دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :