مدارس کو بند کرنے کے خواب دیکھنے والے خود بند ہو کر رہ گئے ہیں،نوجوان فضلاء معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور ملک وملت کی خدمت کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں ‘مدارس دینیہ اسلام کے گلشن ہیں ‘علماء کرام نے ہر دور میں امت کی صحیح رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیا ‘دینی درسگاہوں نے تعلیم کو فروغ دیکر عوامی توقعات پوری کی ہیں، وفاق المدارس العربیة پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر مولانا قاری محمد حنیف جالندھری ،مولانا زاہد الراشدی ،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی اور دیگر کا ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب

پیر 27 مئی 2013 16:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 27مئی 2013ء) وفاق المدارس العربیة پاکستان کے جنرل سیکرٹری اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر مولانا قاری محمد حنیف جالندھری ،مولانا زاہد الراشدی ،مولانا قاضی عبدالرشید،مولانا پیر عزیز الرحمن ہزاروی نے کہاہے کہ مدارس کو بند کرنے کے خواب دیکھنے والے آج خود بند ہو کر رہ گئے ہیں،نوجوان فضلاء معاشرتی برائیوں کے خاتمے اور ملک وملت کی خدمت کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں مدارس دینیہ اسلام کے گلشن ہیں علماء کرام نے ہر دور میں امت کی صحیح رہنمائی کا فریضہ سر انجام دیا ۔

دینی درسگاہوں نے تعلیم کو فروغ دیکر عوامی توقعات پوری کی ہیں ۔وہ گزشتہ روز یہاں دارلعلوم فاروقیہ دھمیال کیمپ راولپنڈی میں ختم بخاری شریف کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

مولانا قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ دینی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں اور ہر سال ہزاروں علمائے کرام اور حفاظ تیار کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس سال صرف وفاق المدارس کے تحت چلنے والے اداروں میں 60ہزار بچوں نے قرآن کریم حفظ مکمل کیااور24ہزار طلباء وطالبات نے درس نظامی کی تعلیم مکمل کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس لڑکوں کی تعداد سے دگنایعنی 16ہزارطالبات نے اس سال سند فراغت حاصل کی جو علمائے کرام پرلڑکیوں کی تعلیم کی مخالفت کا الزام لگانے والوں کے منہ بند کرنے کیلئے کافی ہے ۔مولانا حنیف جالندھر ی نے کہا کہ اس وقت امت جن مسائل ومشکلات سے دوچار ہے ان سے نکالنے کیلئے علمائے کرام کوکردار اداء کرناچاہیے مولانا حنیف جالندھری نے سابق صدر پرویز مشرف کے مدارس بارے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مدارس کو بند کرنے کی باتیں کرنے والے آج خود بند ہو کر رہ گئے ہیں ۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہزاروں بچوں ، بچیوں اور بے گناہ عوام کے قاتل کوپھانسی پرلٹکا کر نشان عبرت بنا دیا جائے ۔انہوں نے نوجوان فضلاء سے کہا کہ وہ سند فراغت حاصل کرنے کے بعد معاشرے کی اصلاح اور عوامی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کر دیں اور اپنی ذمہ داریوں میں ذرہ برابر بھی کوتائی نہ کریں ۔انہوں نے عوام الناس پر بھی زور دیا کہ وہ سیکولر عناصر کے گمراہ کن پروپیگنڈہ سے متاثر ہوئے بغیر علماء پر اعتماد اور مدارس کے تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں ۔انہوں نے اسلامی اقدار و روایات کو فروغ دینے ،ملک و قوم کی بہتری اور قیام امن کے لئے نواز حکومت کے ہر مثبت اقدام کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی ۔

متعلقہ عنوان :